ملتان سبزی منڈی میں غیر قانونی تعمیرات جاری تہہ خانے و بلند عمارات قائم


ملتان( نمائندہ خصوصی) سبزی و فروٹ منڈی شاہ رکن عالم میں غیر قانونی تعمیرات نہ رک سکیں، با اثر آڑھتیوں نے پابندی کے باوجود اپنی آڑھتوں کے تہہ خانوں میں کولڈ سٹوریج بنا لیے،کسی وقت بھی امونیا گیس کی لیکج کے باعث جانی نقصان کا خدشہ، منڈی کے داخلی گیٹ اور گول پلاٹ میں تجاوزات مافیا قابض، ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا، منڈی کے داخلی گیٹ پر ہی سبزی و فروٹ کے ٹرک ان لوڈ کر کے بولیاں لگانے کا سلسلہ بھی بدستور جاری، صفائی کی صورتحال بھی ابتر جگہ جگہ گندگی کے ڈھیروں سے اٹھنے والے تعفن سے سانس لینا بھی محال ہو گیا، مارکیٹ کمیٹی کے ارباب اختیار اس صورتحال سے مکمل آگاہی کے بعد بھی منڈی کے درپیش مسائل پر قابو نہ پا سکے، تفصیل کے مطابق جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی سبزی و فروٹ منڈی شاہ رکن عالم مارکیٹ کمیٹی انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث مسائل کی آماجگاہ بن چکی ہے مارکیٹ کمیٹی کے سب انجینئر نایاب اسلم کی مبینہ غفلت کے آڑھتیوں نے قوانین کو پس پشت ڈالتے ہوئے اپنی آڑھتوں پر دو منزل کے بجائے چار، چار منزلہ عمارتیں تعمیر کر لی ہیں جبکہ بعض آڑھتوں کے نییچے غیر قانونی تہہ خانے تعمیر کر کے کولڈ سٹوریج بھی بنالیے گئے ہیں جسکی مارکیٹ کمیٹی کے قوانین میں سختی سے ممانعت ہے توجہ طلب امر یہ ہے کہ اس غیر قانونی صورتحال پر قابو پانے کے لیے مارکیٹ کمیٹی کے ارباب اختیار بھی سنجیدہ نہیں جسکی وجہ سے تجاوزات مافیا بھی سر گرم ہے حیران کن امر یہ ہے کہ سبزی منڈی میں 2 انسپکٹرز اور 6 سب انسپکٹرز کی موجودگی کے علاو¿ہ مارکیٹ کمیٹی کا سب آفس ہونے کے باوجود منڈی کی منڈی کے داخلی گیٹ پر تجاوزات کی بھر مار کے ساتھ ساتھ منڈی میں داخل ہونے والے ٹرکوں کو گیٹ پر ہی ان لوڈ کروا کر مال فروخت کیا جارہاہے جبکہ دوسری طرف مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے ویسٹ منیجمنٹ کو منڈی کی صفائی کے لیے دیے گئے ٹھیکے کے باوجود کوڑا کرکٹ کے انبار لگے ہوئے ہیں اور سیوریج کی نئی لائنیں تبدیل کیے جانے کے باوجود جگہ جگہ سیوریج کا پانی جمع ہے اس ابتر صورتحال پر انجمن آڑھتیاں سبزی و فروٹ منڈی کے عہدیداران کی جانب سے متعدد بار مسائل کی نشاندھی کے بعد بھی شنوائی نہ ہونے پر مارکیٹ کمیٹی انتظامیہ کے خلاف احتجاجی تحریک کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اس صورتحال پر سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اعجاز سلیم منیس نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے کے لائحہ عمل ترتیب دے دیا ہے جلد ہی اس سلسلے گرینڈ آپریشن کرنے کے بعد اس آپریشن کو روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھا جائے گا رہی بات صفائی کی حوالے سے کام شروع کر دیا گیا ہے۔
 فروٹ منڈی

ای پیپر دی نیشن