سیاست کو بالائے طاق رکھ کر سب کا مرکز خدمت خلق ہونا چاہیے:فہیم الرحمان سہگل 

Sep 15, 2022

لاہور (کامرس رپورٹر )چیئرمین پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) و سابق نائب صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمان سہگل کی قیادت میں پیاف ممبران پر مشتمل وفد نے جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ وفد میں لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران ملک محمد ندیم، محمد علی افضل پیاف مجلس عاملہ کے اراکین مدثر مسعود چودھری، ذیشان سہیل ملک،ملک محمد خالد، عمر سرفراز شیخ و دیگر ایگزیکٹو کمیٹی ممبران شامل تھے۔ وفدنے سیلاب متاثرین سے ملاقات کر کے نقصانات کی تفصیلات حاصل کیں۔ بعد ازاں انہوں نے سیلاب متاثرین میں نقد رقم، تحائف اور دیگر سازو سامان تقسیم کیا جس پر متاثرین نے پیاف وفد کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر چیئرمین پیاف فہیم الرحمان سہگل نے کہا کہ کروڑوں کی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ حکومت کے ساتھ ساتھ تمام بزنس کمیونٹی اور مخیر حضرات متاثرین کے ساتھ ہیں اور انکی بحالی میں ہر ممکن مدد کی جائے گی۔
 سیاست کو بالائے طاق رکھ کر ہم سب کا مرکز خدمت خلق ہونا چاہیے۔ فہم الرحمان نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکے ساتھ ساتھ ضرورت اس امر کی ہے ماحولیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے کیلئے جدید طریقے اپنائے جائیں تاکہ مستقبل میں دوبارہ ایسی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان کو ہر سال 24 ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہو رہا ہے۔ بارشی پانی ذخیرہ کرنے کیلئے بڑے نہیں تو ہنگامی بنیادوں پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے ڈیم جگہ جگہ بنائے جائیں۔موسمیاتی اور ماحولیاتی انحطاط کے باعث اس وقت پاکستان سب سے زیادہ خطرے والے 10 ممالک میں شامل ہے اور اگلے 7 سالوں میں پانی کی کمی والے ملکوں میں شمار ہو گا۔ملک میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ تقریبا3 کروڑ افرادافراد متاثر ہوئے ہیں حکومت اور دیگر محکمے اس سنگین صورتحال پر اکیلے قابو نہیں پا سکتے لہٰذا اس مشکل گھڑی میں ملک بھر کی تاجر رادری حکومت کا ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔پہلے بھی قدرتی آفات میں بزنس کمیونٹی نے ہمیشہ اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی مدد کی ہے۔سیلاب اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک امتحان ہے سب ملکر اس امتحان سے نکلیں گے۔

مزیدخبریں