ماہانہ بنیادوں پر نئی گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں کمی :پاکستان آٹو مینوفیکچرز ایسوسی ایشن 

Sep 15, 2022

لاہور (کامرس رپورٹر )ملک میں ماہانہ بنیادوں پر نئی گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔گزشتہ ماہ اگست 2022میں مجموعی طور پر 8980کاریں فروخت ہوئیں جبکہ اس کے مقابلے میں پچھلے سال اگست میں 17 ہزار 899 کاریں فروخت ہوئیں تھیں یعنی اگست 2021کے مقابلے میں رواں سال اگست میں نصف50فیصدکم کاریں فروخت ہوئیں۔اگست کا اس سے پچھلے ماہ جولائی سے موازنہ کیا جائے تو جولائی میں 10 ہزار 377 کاریں فروخت ہوئی تھیں جس کا مطلب ہے کہ جولائی کے مقابلے میں اگست کے دوران بھی کاروں کی فروخت میں 13فیصد کمی ہوئی ہے۔پاکستان آٹو مینوفیکچرز ایسوسی ایشن کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ ماہ 1300سی سی اور اس سے اوپر کی کاروں کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 22 فیصد کمی ہوئی ہے لیکن ماہانہ بنیادوں پر27 فیصد اضافہ ہوا ہے اسی طرح 1000 سی سی کاروں کی فروخت میں سالانہ 83 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
 جبکہ ماہانہ بنیادوں پر 18فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ 1000 سی سی سے کم کاروں کی فروخت میں سب سے زیادہ کمی دیکھنے میں آئی جس میں ماہانہ 49 فیصد اور سالانہ 59 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔اعدادو شمار کے مطابق اگست میں وین اور جیبوں کی کاروں میں سالانہ 31فیصد کمی ہوئی ہے لیکن ماہانہ بنیادوں پر 81فیصد اضافہ ہوا ہے۔اسی طرح ٹرکوں کی فروخت اگست میں سالانہ لحاظ سے 47فیصد کمی ہوئی اور ماہانہ لحاظ سے 26 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ٹریکٹرز کی فروخت میں بھی سالانہ 20فیصد اضافہ اور ماہانہ بنیادوں پر 76 فیصد اضافہ ہوا ہے تاہم آٹو انڈسٹری ذرائع کے مطابق ملک میں مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کے پیش نظر ٹریکٹرز کی فروخت میں ستمبر اور اسکے بعد کے مہینوں میں کمی متوقع ہے۔موٹر سائیکلوں کی فروخت میں اگست کے دوران سالانہ5فیصد کمی جبکہ ماہانہ 5فیصد اضافہ ہوا ہے۔رکشوں کی فروخت میں سالانہ 65 فیصد کمی جبکہ ماہانہ 7فیصد اضافہ ہوا ہے۔اعدادو شمار کے مطابق مجموعی طور پر تمام گاڑیوں کی فروخت میں سالانہ13فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے لیکن ماہانہ لحاظ سے 6.2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

مزیدخبریں