ملتان(نمائندہ نوائے وقت) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت 5 ماہ سے سو رہی ہے۔قوم سیلاب کے ساتھ مہنگائی میں بھی ڈوب چکی ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں ایک بار پھر 4روپے 34پیسے اضافہ کردیا گیا ہے۔گندم اور آٹے کا بحران وفاق کی نااہلی کی وجہ سے پیدا ہو چکا ہے۔ تمام بحرانوں کا ایک ہی حل ہے آزادانہ اور شفاف انتخابات۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گزشتہ روز سرکٹ ہاو¿س ملتان میں سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال اور سابق گورنر و مشیر اطلاعات عمر سرفراز چیمہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سابق وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر‘ رکن صوبائی اسمبلی مخدومزادہ زین حسین قریشی‘اعجاز جنجوعہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا جنوبی پنجاب صوبے کا قیام تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے۔ ساڑھے تین سال جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے مخلصانہ کوششیں کیں۔دو تہائی اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے جنوبی پنجاب صوبہ نہیں بنا سکے۔ جنوبی پنجاب کے عوام الگ صوبے کے قیام کیلئے عمران خان کو دو تہائی اکثریت دیں۔ سینئر صوبائی وزیر پی ٹی آئی رہنما میاں اسلم اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے الیکٹرانکس انڈسٹری بند ہو چکی ہے، ہمارے دور میں انڈسٹریز چلائی گئیں آسان شرائط پر قرضے دیئے گئے۔ملک کی مقبول ترین پارٹی کا مطالبہ ہے کہ صاف شفاف الیکشن کروائے جائیں
شاہ محمود قریشی
تمام بحرانوں کا واحد حل آزادانہ اور شفاف انتخابات ہےں: شاہ محمود
Sep 15, 2022