اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے جانبداری کا تاثر مسترد کر دیا۔ الیکشن کمشن کے نگران وزیراعظم انوارا لحق کاکڑ کے دفتر کو خط لکھنے کے معاملے پر مرتضیٰ سولنگی نے غیر ملکی خبر ایجنسی کو بیان میں کہا کہ اس ریس میں ہمارے پاس کوئی پسندیدہ گھوڑا نہیں ہے۔ نگران حکومت تمام جماعتوں کو مساوی مواقع کی فراہمی میں کمشن کی مدد کرے گی۔ نگران وزیراعظم اور میں نے عہدے سنبھالنے کے بعد پی ٹی آئی اور چیئرمین کے خلاف کچھ نہیں بولا۔ دریں اثناءنگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے سوشل میڈیا پر کہا ہے کہ حکومت نے کسی کو مس یونیورس مقابلہ حسن میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے نامزد نہیں کیا۔ ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس بیورو نے وزیراعظم کو رپورٹ دی کہ فلپائن کا ایک شہری جو دبئی میں مقیم ہے اس کی کمپنی نے مقابلہ حسن کیلئے پاکستان کی خواتین سے درخواستیں مانگیں تھیں۔