سری نگر (بی بی سی) بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ایک اور فالس فلیگ آپریشن کیا گیا۔ اننت ناگ میں مبینہ انکاﺅنٹر کے نتیجے میں بھارتی فوج کا کرنل‘ میجر اور ڈی ایس پی ہلاک ہو گیا۔ کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق اننت ناگ میں مبینہ انکاﺅنٹر بھی بھارت کے ماضی کے فالس فلیگ آپریشنز کی طرز پر کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔ ایسے جھوٹے آپریشنز کی جانب گزشتہ دنوں مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال نے بھی اشارہ دیا تھا۔ مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال نے کہا تھا کہ کیسے مودی حکومت کی جانب سے اس طرح کے واقعات کی منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔ تازہ واقعہ 2002ءکے گجرات واقعے اور 2019ءکے پلوامہ حملے جیسے واقعات کی بھی نشاندہی کرتا ہے۔ بھارت میں ایسے واقعات کو انتخابات میں ووٹ حاصل کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ بھارت میں پاکستانی فوج پر جوابی حملے کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔ ان قیاس آرائیوں کا مقصد صرف عوامی حمایت اور ووٹ حاصل کرنا ہے۔ یہ ناکام کوشش جعلی انکاﺅنٹر سے شروع ہو کر اپنے ہی فوجیوں کی ہلاکت پر انجام پذیر ہوئی۔ یاد رہے کہ منی پور اور ہریانہ میں بھی عیسائیوں‘ مسلمانوں پر تشدد کے حالیہ واقعات رونما ہوئے۔ بی جے پی ان واقعات کو نسلی زاویہ دے کر انتخابی فوائد حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔