حکومت مادر وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کرے گی :نگراں وزیراعظم

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ حکومت مادر وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کرے گی اور مغربی اور مشرقی سرحدوں پر ہر پاکستانی شہری کی حفاظت کرے گی۔جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے اور ہر پاکستانی کی حفاظت کرنے کی کوشش کریں گے ۔ ہمیں اس موقف کے اظہار میں کوئی شک یا خوف نہیں ہے، کسی کو کوئی غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو اپنے خط کے ذریعے صدر عارف علوی نے عام انتخابات کے بارے میں فیصلہ نہیں بلکہ صرف ایک تجویز دی تھی اور عدالتی فیصلے تک ان کے خط کا کوئی قانونی پابند نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت شفاف طریقے سے انتخابات کے انعقاد کے عمل میں معاونت کے لیے موجود ہے۔انتخابات کی تاریخ کا فیصلہ کرنے کے اختیارات کے تنازعہ کے بارے میں، وزیر اعظم نے کہا کہ پارلیمنٹ نے ایک قانون منظور کیا ہے جس کی صدر نے بھی منظوری دی تھی۔انہوں نے کہا کہ چونکہ ابھی تک کوئی عدالتی نتیجہ نہیں نکلا، حکومت مروجہ قانون کی پابند ہے۔نیب قانون میں ترامیم کے معاملے پر وزیراعظم نے کہا کہ پارلیمنٹ کو قانون سازی کا قانونی حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون اور آئین کی تشریح کرتے ہوئے عدلیہ کو بھی توازن برقرار رکھنا چاہیے تاکہ دوسرے اداروں کے اختیارات میں مداخلت سے بچا جا سکے۔دہشت گردی اور معاشی چیلنج کو پاکستان کے لیے خطرات قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اگلے انتخابات میں وہ معاشی بحالی کا ایجنڈا رکھنے والی سیاسی جماعت کو ووٹ دیں گے۔نگراں سیٹ اپ کی مدت کے بارے میں ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ کوئی قطعی ٹائم فریم نہیں دے سکتے تاہم کوئی بھی ٹائم لائن قانون کے دائرے میں ہوگی. ای سی پی پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے، وزیراعظم نے کہا کہ ایک با اختیار ادارہ ہونے کے ناطے الیکشن کمیشن انتخابات کے لیے ایک مخصوص وقت مقرر کرےگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جیل میں قید سربراہ کو وہ سہولتیں دی جانی چاہئیں جن کے وہ بطور سابق وزیراعظم حق دار ہیں۔ پی ٹی آئی پر پابندی کی تجویز کابینہ کے سامنے رکھنے کے حوالے سے سوال پرانہوں نے کہا کہ حکومت میرٹ کے مطابق فیصلہ کرے گی۔9 مئی کے واقعہ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس دن سیاسی کارکنوں نے بدامنی پھیلانے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ حقیقت پسندانہ بنیادوں پر حکومت سے اپنی بے دخلی کے عوامل کا تجزیہ نہیں کر سکے اور اسی وجہ سے انہیں طویل عرصے میں کوئی سیاسی فائدہ نہیں ملا۔پاور سیکٹر کے حوالے سےوزیر اعظم نے کہا کہ نگراں حکومت کی تشکیل کے 48 گھنٹوں کے اندر ہم نے مداخلت کی اور وزیر خزانہ کی سربراہی میں ایک اسٹیئرنگ کمیٹی بھی بنائی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کو اعتماد میں لے کر انتظامی ردعمل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔بجلی چوری اور اسمگلنگ کے خلاف جاری آپریشن کے پائیدار ہونے کے بارے میں پوچھے جانے پر وزیراعظم نے کہا کہ طاقت کے مناسب استعمال کو مستقل طور پر بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ عمل پہلی بار غیر قانونی تجارت کو روکنے کے لیے شروع کیا گیا تھا اور یہ جاری رہے گا کیونکہ اب ایک ادارہ جاتی طریقہ کار موجود ہے۔انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل جاری ہے اور وزیر نجکاری کی سربراہی میں کمیٹی بھی بنائی گئی ہے۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ تاریخوں کا فیصلہ باہمی طور پر کیا جائے گا کیونکہ پاکستان چاہتا ہے کہ یہ طویل مدت کا ہو۔نگراں سیٹ اپ میں سیاسی تقرریوں سے متعلق ای سی پی کے خط کے بارے میں ایک سوال پر، وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کوشش کرے گی کہ کسی ایسے شخص کو تعینات نہ کیا جائے جو کسی سیاسی جماعت کا عہدیدار ہو۔ای سی پی نے عدم اطمینان کا اظہار نہیں کیا بلکہ ایک مشورہ دیا، جسے حکومت نے احترام کے ساتھ قبول کیا۔لاپتہ صحافی عمران ریاض کے بارے میں پوچھے گئے سوال پروزیر اعظم نے کہا کہ ان کے پاس اس حوالے سے کوئی خاص معلومات نہیں ہیں۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کی تھیں اور ان سے رپورٹس ملنے کے بعد معلومات شیئر کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے

ای پیپر دی نیشن