صحت مند طرز زندگی سے طویل عرصے تک جسمانی تندرستی کو برقرار رکھا جاسکتا ہے،ایک حالیہ تحقیق سے یہ بات بھی ثابت ہوئی ہے کہ اس کا اطلاق ذہنی صحت پر بھی ہوتا ہے۔
جریدے نیچر مینٹل ہیلتھ میں شائع تحقیق کے مطابق، سات صحت مند طرز زندگی کے عوامل، جن میں اعتدال پسند الکحل کا استعمال، صحت مند خوراک، باقاعدہ جسمانی ورزش، مناسب نیند، تمباکو نوشی سے پرہیز، تھوڑے تھوڑے وقفے سے بیٹھے رہنے کے رویے اورزیادہ سے زیادہ سماجی میل جول شامل ہیں سے ڈپریشن کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔
یہ تحقیق مشترکہ طور پر چین کی فوڈان یونیورسٹی اور برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی سمیت متعدد اداروں کے محققین کی ایک بین الاقوامی ٹیم نے کی ہے،ٹیم نے صحت مند طرز زندگی کے سات عوامل کی شناخت یو کے بائیو بینک سے تقریبا2لاکھ 90 ہزارافراد سے جمع کیے گئے ڈیٹا کا تجزیہ کرکے کی ہے۔
تحقیقی نتائج کے مطابق سات عوامل میں سے ایک رات میں سات سے نو گھنٹے کی نیند سب سے زیادہ اہم اثرات کی حامل ہے، جس سے ڈپریشن کا خطرہ 22 فیصد کم ہوتا ہے۔ اس کے بعد سگریٹ نوشی سے پرہیز سے خطرہ 20 فیصد کم ہوجاتا ہے۔
کثرت سے سماجی روابط برقرار رکھنے سے خطرہ 18 فیصد، باقاعدہ جسمانی ورزش سے 14 فیصد، زیادہ بیٹھے رہنے کے رویے میں کمی سے اعتدال پسند سطح تک 13 فیصد، الکحل کے اعتدال پسند استعمال سے 11 فیصد، اور صحت مند غذا سے چھ فیصد تک ڈپریشن کم ہوجاتی ہے۔