لاہور(سپورٹس رپورٹر)ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دیدی۔چین میں جاری ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان دلچسپ میچ ہوا، میچ شروع ہوتے ہی چھٹے منٹ میں احمد ندیم نے گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی تاہم یہ برتری زیادہ دیر برقرار نہ رہی اور 12ویں منٹ میں بھارت کو پنالٹی کارنر ملا جس پر کپتان ہرمیت پریت سنگھ نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔دوسرا کوارٹر شروع ہوا تو بھارت نے پھر پنالٹی کارنر لیا اور دوسرا گول کرکے پاکستان کے خلاف برتری حاصل کرلی، ہاف ٹائم پر بھارت کو دو ایک کی سبقت حاصل تھی جب کہ تیسرے کوارٹر میں پاکستان نے شاندار کھیل پیش کیا اور زیادہ تر کھیل بھارتی ہاف میں ہوا۔پاکستان نے اس کوراٹر میں 5 پنالٹی کارنر لیے لیکن کسی ایک کو بھی گول میں تبدیل نہ کرسکا، پاکستان ٹیم کو 2 مرتبہ 10،10 کھلاڑیوں سے کھیلنا پڑا، ایک بار سفیان نے فاول کیا تو انہیں 5 منٹ باہر بیٹھنا پڑا، آخری کوراٹر میں رانا وحید نے فاول کیا جس پر انہیں 10منٹ کیلئے باہر کردیا گیا۔آخری کوراٹر میں بھی دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن کوئی ٹیم گول نہ کرسکی اور یوں بھارت نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دیدی۔ میچ کے دوران پاکستان کے ابوبکر محمود گھٹنے کی انجری کے باعث گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے۔آخر کوارٹر میں بھارتی کھلاڑی کے گرنے پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آمنے سامنے آگئے ۔ کچھ کھلاڑیوں نے بیچ بچائو کرایا تاہم امپائرز درمیان میں آگئے اور کھلاڑیوں کو تحمل کا مظاہر ہ کرنے کی ہدایت کی ۔ میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ایک دوسرے سے ملے ۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکی ہیں۔ملائیشیا اور جنوبی کوریا کے درمیان میچ تین تین گول سے برابر ی پر ختم ہوگا۔ آخری میچ میں چین نے جاپان کو دو صفر سے شکست دیدی ۔ ایونٹ میں آج آرام کا دن ہے ۔ فائنل فور کیلئے کوالیفائی کرنیوالی ٹیموں میں پاکستان، بھارت، جنوبی کوریا اور میزبان چین شامل ہیں۔ پہلے سیمی فائنل میں پاکستان اور چین مد مقابل ہوں گے جبکہ دوسرا سیمی فائنل جنوبی کوریا اور بھارت کے درمیان کھیلا جائیگا۔ پانچویں اور چھٹی پوزیشن کا میچ جاپان اور ملائیشیا کے درمیان ہوگا۔ سیمی فائنلزکل پیر جبکہ فائنل مقابلہ پرسوں منگل کو کھیلا جائیگا۔
ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی، بھارت نے پاکستان کو شکست دیدی
Sep 15, 2024