چوہدری شافع کی زیر صدارت اجلاس ،ٹی ٹی بی میں بہتری کیلئے مختلف تجاویز پر غور 

لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت وتجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں اجلاس ہوا۔ چیئرمین ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ نجاب شہریار خان نے بورڈ کی ورکنگ،کارکردگی،تنظیمی ڈھانچے اور آئندہ کے لائحہ عمل بارے بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران ادارے میں بہتری لانے کیلئے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ادارے کی ورکنگ میں مزید بہتری لانے کیلئے نیا بورڈ آف مینجمنٹ تشکیل دینے کا فیصلہ بھی ہوا۔ چوہدری شافع حسین نے ادارے کی ڈیجیٹائزیشن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ پنجاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے بہترین ادارہ بنایا جائے گا۔ بورڈ آف مینجمنٹ میں باصلاحیت اور محنتی افراد کو شامل کیا جائے گا۔ معیاری فنی تعلیم کو فروغ دیکر غربت اور بے روزگاری کے اندھیرے مٹائیں گے۔ صوبائی وزیر نے بتایا مرحلہ وار پروگرام کے تحت ٹیکنیکل ایجوکیشن کے اداروں کی لیبزاور کورسز کو آپ گریڈ کیا جارہا ہے۔ اداروں کی آپ گریڈیشن سے ٹیکنیکل ایجوکیشن کے معیار میں بہتری آئی گی۔صوبائی وزیر کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا ہے ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ کے زیر اہتمام ہر سال 50سے60ہزاربچوں کے شارٹ کورسز کے حوالے سے امتحانات اور سرٹیفیکیشن ہوتی ہے،اوربورڈ  کے تحت 181ٹریڈز کے امتحانات لئے جاتے ہیں۔ چیئرمین ٹیوٹا بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمد ساجد کھوکھر،ڈی جی ٹیوٹا اور دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن