لاہور(نیوز رپورٹر) پاکستان طبی کانفرنس جمہور اطباء کی واحد نمائندہ جماعت ہے۔ یہ روزاول سے اطباء کے حقوق کی خاطر عملی جدوجہد کر رہی ہے اور اپنے قیام سے لے کر آج تک اس نے طب و طبیب کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑا۔ ہم اپنے اکابرین کے بتائے ہوئے راستوں پر چلتے ہوئے طب و طبیب کی درمے، قدمے، سخنے اپنا فرض ادا کرتے رہیں گے۔ ذاتی انا کو بالائے طاق رکھ کر اطاعت امیر ہمارا نصب العین ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان طبی کانفرنس لاہور ڈویژن کے عہدیداران کی حلف برداری تقریب کی صدارت کرتے ہوئے مرکزی سپیکرٹری جنرل PTC پروفیسر حکیم منصورالعزیز نے کیا۔ دیگر مقررین میں پروفیسر وید جمیل خان مرکزی نائب صدر، پروفیسر حکیم احمد سلیمی صدر NCT، پروفیسر سلیم خان، حکیم لیاقت سعید، حکیم ملک سلیم اختر، ڈاکٹر سکندر حیات زاہد، حکیم حافظ فرید یونس، حکیم سعد عابد میر، حکیم جواد اشفاق، حکیم سید عمران فیاض، حکیم افضل بٹ، حکیم شبیر عنایت، حکیم منظور احمد، حکیم ریاض احمد، حکیم خالد جاوید، حکیم نذیر تابش، حکیم طاہر نوید جنجوعہ اور طبیبہ راشدہ زبیر شامل تھیں۔ انہوں نے کہا ہم کسی کو بھی اطبا ء پر شب خون مارنے کی اجازت نہیں دیں گے۔جو قومیں اپنے اکابرین کے بتائے ہوئے راستوں کو بھول جاتی ہیں وہ صفحہ ہستی سے مٹ جاتی ہیں۔