بھارتی تعصب: اسلامی سکالر مولانا کلیم الدین سمیت 12 علماء کو عمر قید

بھارتی ریاست اترپردیش کی ایک عدالت نے اسلام کی تبلیغ کرنے پر معروف اسلامی سکالر مولانا کلیم الدین صدیقی اور عمر گوتم سمیت 12 علماء کو عمر قید جبکہ دیگر 4 علماء کو 10 سال قید کی سزا سنادی۔ بھارتی میڈیا کیمطابق ریاست اتر پردیش کے معروف علماء کو 2021ء میں سزا سنائی گئی۔یہ سزا آئی پی سی سیکشن 121 اے کے تحت سنائی گئی جو ریاست مخالف جرائم سے متعلق ہے۔ دوسری جانب سیکشن 35 ایف سی آراے کے تحت مولانا عمر گوتم اور عبداللہ عمر کو پانچ سال قید اور 25000 روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی۔
بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کیخلاف بھارتی تعصب کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے‘ اس وقت بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ جو بہیمانہ سلوک روا رکھا جا رہا ہے‘ اسکی مثال پوری دنیا میں نہیں ملتی۔ خاص طور پر مودی سرکار کے تیسرے دور میں بھی مسلمانوں کا جینا دوبھر ہو چکا ہے۔ وہاں عام ہندو شہری بھی بلاجواز مسلمان شہری پر بدترین تشدد کرکے اسے شہید کر دیتا ہے۔ جب کسی ریاست میں اقلیتوں کیخلاف مظالم انتہاء کو پہنچ جائیں تو وہاں کی عدالتیں ازخود نوٹس لے کر اپنا کردار ادا کرتی ہیں لیکن بدقسمتی سے مسلمانوں کے معاملے میں بھارتی عدالتوں سمیت اسکے تمام آئینی، انتظامی ادارے تعصب میں اپنی حکومتوں سے دوہاتھ آگے نظر آتے ہیں۔ بابری مسجد کی شہادت ہو یا مسلمانوں کی املاک جلانے کا معاملہ‘ ملعونہ نورپور شرما کے پیغمبر اسلام سے متعلق توہین آمیز بیانات ہوں یا مسلمانوں کی مذہبی آزادی کا معاملہ‘ کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کے وعدوں مشتمل دستاویز ’’بوچر پیپرز‘ کو منظر عام پر لانے کا معاملہ ہو یا مارچ 2002ء میں بلقیس بانو نامی خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کرنے اور اسکے خاندان کو بہیمانہ قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا پانے والے گیارہ مجرموں کی رہائی‘ ہر ایک مسئلے پر بھارتی عدالتیں اور ادارے ایک ہی پیج پر نظر آتے ہیں۔ عالمی میڈیا کی جانب سے بھارت کو انتہاء پسند ریاست بنانے کا منصوبہ کئی بار بے نقاب ہو چکا ہے جبکہ اکتوبر 2022ء میں یواین سیکرٹری جنرل انتونیو گوئترس بھی اقلیتوں کے حوالے سے بھارت پر سخت تنقید کر چکے ہیں‘ اسکے باوجود بھارت اپنی ہٹ دھرمیوں سے باز نہیں آرہا۔ اقوام متحدہ اور عالمی ادارے بھارت کیخلاف قراردادیں تو شدومد کے ساتھ منظور کرتے ہیں لیکن مصلحت یا بھارت نوازی کے تحت انہیں عملی جامہ آج تک نہیں پہنایا جا سکا جس سے بھارت کے حوصلے انتہاء کو چھو رہے ہیں۔ معروف اسلامی سکالر مولانا کلیم الدین صدیقی اور عمر گوتم سمیت 12 علماء کی عمر قید مودی حکومت اور اسکی اعلیٰ عدالتوں کے تعصب کو ہی بے نقاب کررہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن

ہم باز نہیں آتے!!

حرف ناتمام…زاہد نویدzahidnaveed@hotmail.com یادش بخیر …یہ زمانہ 1960 کا جس کے حوالے سے آج بات ہوگی۔ یہ دور ایوب خاں کے زوال اور بھٹو ...