لاہور (نیوزرپورٹر) مرکزی مسلم لیگ کا ملک بھر میں ریسکیو ٹریننگ ورکشاپس کروانے کا اعلان ،محمد سرور چوہدری چیئرمین شعبہ خدمت خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے ذمہ داران کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہمارا مقصد ایسے نوجوان تیار کرنا ہے۔جو کسی حادثے، سانحے کی صورت میں امداد کا انتظار کرنے کی بجائے خود آگے بڑھ کر مدد کریں۔ اس مقصد کیلئے ملک بھر میں ریسکیو ٹریننگ ورکشاپس کا انعقاد کرنے جارہے ہیں جس میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ ،ریسکیواینڈ سیفٹی ٹریننگ ورکشاپس میں فائر ریسکیو، فرسٹ ایڈ، ڈیڈ باڈی مینجمنٹ، ٹائم مینجمنٹ، شارٹ کورس آف ٹراما، فریکچر مینجمنٹ کے تربیتی سیشنز شامل ہوں گے۔ تربیتی پروگرامز کا مقصد لوگوں میں شعور پیدا کر نا ہے کہ وہ اپنے گھر، دفاتر، محلوں اور سڑکوں پر ہر قسم کے حادثات پر قابو پاسکیں اورکم سے کم وقت میں لوگوں کی زندگی بچانے میں کردار ادا کرسکیں۔محمد سرور چوہدری نے کہا اس سے قبل مون سون میں بھی شعبہ خدمت خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے ملک بھر میں تیراکی کے کورسز کروائے گئے جس میں ہزاروں نوجوانوں نے حصہ لیا۔ پہلی ریسکیو ٹریننگ ورکشاپ 22 ستمبر کو گوجرانوالہ میں ہوگی۔