عصرِ حاضر میں سیرتِ طیبہؐ سے وابستگی کے بغیر عروج ، بلندی ممکن نہیں:طاہر رضابخاری  

Sep 15, 2024

لاہور (خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین اورسیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضابخاری نے حضرت پیر مکی ؒ کے834ویں سالانہ عرس مبارک کا افتتاح، رسم چادر پوشی سے کرتے ہوئے کہا صوفیاء نے خطے میں اسوہ رسولؐ کی ترویج کا اہتمام کیا۔ ان کی خانقاہیں قرآن و سنت کی تبلیغ کے مراکز اور شریعتِ مطاہرہ کے فروغ کا ذریعہ تھے۔ عصرِ حاضر میں سیرتِ طیبہؐ سے وابستگی کے بغیر عروج اور بلندی ممکن نہیں۔ برصغیر میں شرف آدمیت اور تکریم انسانیت کے عنوان کو صوفیا نے عزت اور تقویت بخشی۔ صوفیاء کی تعلیمات کے ابلاغ سے ہی روادانہ فلاحی معاشرے کی تشکیل اور دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا۔ صوفیا نے تعمیر ملت کا فریضہ نہایت خلوص اور جانفشانی سے سرانجام دیا۔ ان کی خانقاہوں سے دین اسلام کی ترویج کاکام احسن طریقے سے ادا کیا گیا، جس کے سبب آج خطے میں کروڑہا مسلمان اللہ تعالیٰ کی وحدانیت، رسول اللہؐ  کی رسالت اور اسلام کی صداقت کا علم بلند کئے ہوئے ہیں۔ صوفیا نے سوسائٹی کو رواداری، انسان دوستی، اخوت، بھائی چارے اور برداشت جیسے جذبوں سے آراستہ کیا۔

مزیدخبریں