لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول اللہؐ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام شاہ جلال ریسرچ سینٹر مرکز صراط مستقیم لاہور میں حضرت مجدد الف ثانی قدس سرہ العزیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں خانوادہ شیخ مجدد حضرت پیر آغا ابراہیم مجددی نقشبندی نے خصوصی شرکت کی اور درس مکتوبات شریف دیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یارسول اللہؐ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا حضرت مجدد الف ثانیؒ اور اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان بریلویؒ کے افکار و نظریات میں برصغیر پاک وہند میں ایک انقلاب برپا کیا۔ ان ہستیوں نے بدعات اور خرافات کے مقابلے میں سنت نبویؐ کا پرچم بلند کیا۔ یہی ہستیاں 2 قومی نظریئے کی علم بردار قرار پائی۔ اکبر کے الحاد کے مقابلے میں حضرت مجدد الف ثانی قدس سراہ العزیز نے صدائے مدینہ دیکر سرزمین میں ہند کو بیدار کیا۔ آپ نے تصوف کی قوت سے اندھیروں کا مقابلہ کیا۔ آپ نے صوفیاء سے لیکر امراء تک سب کو ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلایا۔