لاہور(نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے گورنر ہائوس میں لاہور بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے صدر پیپلز لائرز فورم و ممبر پنجاب بار کونسل راحیل کامران چیمہ اور انفارمیشن سیکرٹری پی ایل ایف عظیم حفیظ کی قیادت میں ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا وکلا برادری آئین کی بالادستی اور جمہوری اقدار کیلئے جدوجہد میں پیش پیش رہی ہے۔ لاہور بار اور پیپلز لائرز فورم نے آئین اور قانون کی بالادستی کو برقرار رکھنے اور پاکستان میں جمہوریت کی بحالی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان کو آگے لے کر جانا ہو تو ہمیں قانون و انصاف کی عمل داری کو یقینی بنانا ہوگا۔ وہ صدر مملکت آصف علی زرداری اورچیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے وژن کو پنجاب کے ہر بار تک لے کر جائیں گے۔ اس موقع پروفد نے گورنر پنجاب کو جوڈیشل ڈویژن کے متنازعہ نوٹیفکیشن اور وکلا ویلفیئر فنڈ میں بہتری کی ضرورت سمیت کئی اہم مسائل سے آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ان معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔ وفد میں لاہور بار کے صدر منیر حسین بھٹی اور بار کی کابینہ کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔سردار سلیم حیدر خان نے ہیلتھ رپورٹرز ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔