شعیب شاہین ضمانت پر رہا، شیر افضل کوبغیر اجازت گرفتار نہ کیا جائے، اسلام آباد ہائیکوٹ

راولپنڈی+ اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ+اپنے سٹاف رپورٹر سے) انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹیآئی وکیل شعیب شاہین کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دے دیا  انہیں جیل سے رہا کرندیا گیا ہے جب کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت کی درخواست متعلقہ جج کے چھٹی پر ہونے کے باعث ملتوی کردی گئی۔ انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت، شیخ وقاص اکرم، شعیب شاہین سمیت دیگر گرفتار رہنماؤں کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی جو کہ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کے روبرو ہوئی۔ عدالت نے پوچھا شعیب شاہین تو جسمانی ریمانڈ پر نہیں؟ وکیل نے بتایا شعیب شاہین کا 8 دن کا ریمانڈ ہوا ہوا اور اسی روز ریمانڈ معطل کردیا گیا، شعیب شاہین اور دیگر ارکان اسمبلی جیل میں ہیں،اس وقت شعیب شاہین اڈیالہ جیل میں ہیں۔ عدالت نے تھانہ سنجگانی مقدمہ کا ریکارڈ اور پراسیکیوٹر کو طلب کرلیا جس پر سماعت میں وقفہ ہوا۔ بعد وقفہ تفتیشی افسر ریکارڈ سمیت عدالت کے روبرو پیش ہوا۔ جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ پراسیکیوٹر نہیں آیا تو ایک دن کی بات ہے سماعت ایک دن بعد ہو جائے گی، شیر افضل مروت، سعید شاہ، وقاص اکرم کی ضمانت کی درخواست متعلقہ جج خود سنے گا تاہم شعیب شاہین کی ضمانت کی درخواست پر آج فیصلہ کروں گا۔ جج طاہر عباس سپرا نے پوچھا کہ ڈنڈے کی ریکوری کہاں لکھی ہوئی ہے؟ وکیل نے کہا کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے تفتیشی افسر نے بتایا کہ شعیب شاہین سے ڈنڈا ریکور کیا ہے۔ جج نے شعیب شاہین کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی اور انہیں ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ علاوہ ازیں اسلام آ باد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کو کسی بھی مقدمے میں بغیر اجازت گرفتار کرنے سے روک دیا۔ جسٹس سمن رفعت امتیاز نے شیر افضل مروت کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا جس میں ہائی کورٹ نے سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد، آئی جی پنجاب، ایف آئی اے کو نوٹسز جاری کردیے ہیں جس میں فریقین کو شیر افضل مروت کی درخواست پر پیراوائز کمنٹس جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم نامے میں شیر افضل مروت کے خلاف مقدمات کی تفصیلات بھی طلب کرلیں اور کہا ہے کہ درخواست گزار وکیل کے مطابق شیر افضل مروت کو کسی خفیہ مقدمے میں گرفتاری کا خدشہ ہے، شیر افضل مروت کو عدالت کی اجازت کے بغیر کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن