ماسکو (نوائے وقت رپورٹ) روس اور یوکرائن کے درمیان متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ثالثی میں ایک بار پھر جنگی قیدیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔ روسی وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ روس اور یوکرائن کے درمیان 206 جنگی قیدیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔ روس نے یوکرائن کے 103 اور یوکرائن نے بھی روس کے 103 جنگی قیدی رہا کیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق رہا ہونے والے افراد یوکرائن کے کورسک ریجن میں ہونے والی لڑائی کے دوران قیدی بنائے گئے تھے۔ اماراتی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی ثالثی میں روس یوکرائن قیدیوں کی رہائی آٹھویں بار ہوئی ہے۔ دوسری جانب امریکی صدارتی دفتر وائٹ ہاؤس نے واضح کیا ہے کہ یوکرائن پر اس بات کی پابندی برقرار ہے کہ وہ روس کے اندرونی علاقوں تک مار کرنے کی صلاحیت کے حامل امریکی میزائلوں سے حملے نہ کرے۔ امریکہ کی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ اس معاملے پر امریکی پالیسی تبدیل نہیں ہوئی اور نہ ہی وہ اس میں فی الحال تبدیلی کی توقع رکھتے ہیں۔ امریکی وضاحت پر روس کے صدارتی ترجمان نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نتائج سے خبردار رہنے سے متعلق صدر پیوٹن کا پیغام متعلقہ جگہ پر پہنچ گیا ہے۔
امارات کی ثالثی میں روس، یوکرائن کے درمیان 206 جنگی قیدیوں کا تبادلہ
Sep 15, 2024