لاہور(نیوز رپورٹر)چین کے دا ر الحکومت بیجنگ میں انٹرنیشنل فئیر فار ٹریڈ ان سروسز میں دنیا بھر میں 107ممالک سے 2000سے زائد مختلف کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں جن میں 150پاکستانی ادارے شامل ہیں۔ اس ایکسپو کے افتتاحی سیشن سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ،نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے زراعت، لائیو سٹاک،فوڈ پراسیسنگ اور معدنیات کے شعبوں میں خاطر خواہ گنجائش موجود ہے،پاکستان چین سے سرمایہ کاری کیلئے ہر ممکن تعاون یقینی بنائے گا۔ پاکستان کوئلے کے دوسرے بڑے اور تانبے کے ساتویں بڑے ذخائر کا حامل ملک ہے۔ چین اور پاکستان کے مابین دوستی کی لازوال تاریخ وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے اور سی پیک کے تحت پاکستان میں ٹرانسپورٹ،انفراسٹرکچر،انرجی اور مواصلاتی شعبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ پاکستانی کمپنیوں کو چین سے بزنس ٹو بزنس سرگرمیوں میں اضافے کے مواقع مل رہے ہیں اور خود چین کیلئے بھی شمالی امریکہ اور یورپ کے مقابلے میں پاکستان میں صنعتوں کی منتقلی زیادہ آسان ہے جس پر 70فیصد کم لاگت آئے گی۔ ٹریڈ فئیر سے اپنے ورچوئل خطاب میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے بیجنگ میں اس عالمی کانفرنس میں پاکستان سے بھرپور نمائندگی پر پاکستانی سفارتخانے کے عملے کو خراج تحسین پیش کیا۔
پاکستان چین سے سرمایہ کاری کیلئے ہر ممکن تعاون یقینی بنائے گا،عبدالعلیم خان
Sep 15, 2024