پنجاب میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 9 دہشتگرد گرفتار، 2 خوارجیوںکوسزا

 لاہور(این این آئی)پنجاب کے مختلف شہروں میں 71 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 9 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ترجمان کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی) کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں لاہور، میانوالی، بہاولپور، رحیم یار خان، ساہیوال ، راولپنڈی اور فیصل آباد میں کی گئیں۔ آپریشن کے دوران 9 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔میانوالی سے فتنہ الخوارج کا ایک اور فیصل اباد سے داعش کا ایک خطرناک دہشت گرد گرفتارکیا گیا۔ دہشت گردوں سے دھماکا خیز مواد، ہینڈ گرنیڈ 2، ڈیٹونیٹر، 26حفاظتی فیوز ،73 فٹ وائر،گولیاں اور اسلحہ .موبائل فون اور نقدی برامد کی گئی۔ دہشت گردوں کی شناخت عبدالکریم ،عثمان ،عمران صدیقی ،شانی ،شوکت،۔احمد خان،۔شیراز محمود ،سعید الرحمن اور مستجاب کے نام سے ہوئی۔حکام کے مطابق دہشت گرد مختلف مقامات پر کارروائی کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔ رواں ہفتے میں 978 کومبنگ آپریشنز کے دوران 78 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے جبکہ کومبنگ آپریشنز میں 34694 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔ علاوہ ازیں خیبر پی کے میں کالعدم تنظیم داعش کے 2 دہشت گردوں کو سزائیں سنا دی گئیں۔ پشاور کی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کالعدم تنظیم داعش کے 2 سہولت کاروں کی ضمانت کی درخواست خارج کر دی۔ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج محمد اقبال نے دہشت گرد عفان متین کو 14 سال اور عثمان کو 13 سال قیدِ با مشقت کی سزا سنائی، دونوں دہشت گردوں کو گزشتہ سال مارچ میں مردان سے گرفتار کیا گیا تھا۔سی ٹی ڈی کے مطابق رواں سال 19 مقدمات میں گرفتار 99 دہشت گردوں میں سے 28 کو سزائیں ہوئی ہیں۔رواں سال دہشت گردی کے 64 درج مقدمات میں 83 ملزمان کی ضمانتیں خارج ہوئیں جبکہ بنوں میں گرفتار 24 دہشت گردوں سے تفتیش کے لیے عدالتوں سے ریمانڈ حاصل کر لیا گیا۔سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان عبدالجبار اور زیارت گل داعش کے لیے سہولت کاری کر رہے تھے۔

ای پیپر دی نیشن