سری نگر(آئی این پی+کے پی آئی ) قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے بارہ مولا میں جعلی مقابلے میں 5نوجوانوں کو شہید کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گھر گھر تلاشی کے دوران متعدد نوجوانوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔ بھارتی فوج نے بارہ مولا اور نواحی علاقوں کا محاصرہ کرکے موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کردی جبکہ لوگوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کا حکم دیا گیا،دوسری جانب اننت ناگ کے علاقے میں نامعلوم افراد کے حملے میں 2بھارتی فوجی مارے گئے۔ حملے کے بعد علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیا گیا۔ فائرنگ میں 4بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے۔ دوسری جانب جنیوا میںمنعقدہ ایک سیمینار کے مقررین نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کیوجہ سے خواتین پر اسکے شدید اثرات پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کشمیری خواتین کی خالت زار بیان کی جنہیں شدید مصائب ومشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیری خواتین پر جاری تشدد اور ناروا سلوک کے سلسلے کو ختم کرانے کیلئے فوری اقدامات کریں۔مقررین نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیری خواتین کی بے حرمتی کے کئی بہیمانہ واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مجرم بھارتی فوجی برسہا برس گزرنے کے باوجود کھلے عام گھوم رہے ہیں اور متاثرہ خواتین انصاف سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں خواتین کی آبروریزی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے وحشیانہ اور جابرانہ اقدامات کے ذریعے کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کو دبانے کی بھارتی حکومت کی کوششوں کی مذمت کی۔
مقبوضہ کشمیر: ریاستی دہشتگردی جاری، مزید 5 نوجوان شہید، متعدد گرفتار، 2 قابض فوجی ہلاک
Sep 15, 2024