کوئٹہ (نیٹ نیوز) بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھر جانے سے 5 کان کن جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک کو زندہ بچا لیا گیا۔ بلوچستان کے ضلع ہرنائی کی تحصیل شاہرگ میں کوئلے کی کان میں گیس بھر جانے سے 6 مزدور پھنس گئے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور کان سے ایک مزدور کو زندہ نکال لیا گیا جبکہ باقی مزدوروں کے لئے آپریشن تیزی سے جاری رکھا گیا۔ تاہم پانچ مزدوروں کو زندہ نکالنے کیلئے جاری کوششیں ناکام ہو گئیں اور ان 5 مزدوروں کی نعشیں نکال لی گئیں جو زہریلی گیس بھر جانے کے باعث دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے تھے۔ جاں بحق کان کنوں کا تعلق افغانستان کے مختلف علاقوں سے بتایا جاتا ہے اور نعشیں قانونی کارروائی کے بعد ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی جائیں گی۔