لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ ڈرامے بازی بند کریں، علی امین گنڈاپور اپنے بیان میں بتا چکا ہے وہ افغانستان سے کیوں بات کرنے جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے وزیراعلٰی کو بتائیں کسی بھی ملک کی خارجہ پالیسی وفاق بناتا ہے، صوبے نہیں۔ اپنے صوبے کی بہتری کے لیے سفیروں سے ملاقات کرنا اچھی بات ہے۔ وزیراعظم کے ساتھ غیر ملکی دوروں پر جانا وفاق کو مضبوط کرنا ہوتا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ کسی صوبے کے وزیراعلٰی کا ازخود ملکی پالیسی کے خلاف بات کرنا اینٹی سٹیٹ جانے کے مترادف ہے۔ دوسرے ملک کے نمائندوں کے ساتھ کسی صوبے کے وزیراعلٰی کا وفاق کو بائی پاس کرکے ملنا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔ ہمیں نظر آرہا ہے آپ لوگ کس ایجنڈے پر چل رہے ہیں، ہم نے آنکھیں بند نہیں کی ہوئیں۔ قوم بھی آپکا ڈبل سٹینڈرڈ اور مکاریاں جان چکی ہے۔