یوم جمہوریت آج، حکومت کا آئینی اقدار کی پاسداری کیلئے عزم غیر متزلزل: وزیراعظم 

Sep 15, 2024

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم انسانی معاشرے کی بنیادی اور اہم قدر کے طور پر جمہوریت کی مضبوطی اور فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ عالمی یوم جمہوریت پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا اس موقع پر ہم انسانی معاشرے کی بنیادی اور اہم قدر کے طور پر جمہوریت کی مضبوطی اور فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ ہماری حکومت کا آئینی اقدار کی پاسداری، جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کا عزم غیر متزلزل ہے، ان جمہوری اقدار پر عملدرآمد ہمارے قومی طرزِ عمل کی عکاسی کرتا ہے، آئیں، آج کے دن ہم ایسے عالمی معاشرے کے قیام کی کوششیں جاری رکھنے کا عزم کرتے ہیں جو منصفانہ، مساوی اور جامع ہو، باہمی تعاون سے ہی ہم جمہوریت کی بنیادوں کو مضبوط کر کے یہ یقینی بنا سکتے ہیں کہ یہ امید کی کرن کے ساتھ ساتھ آئندہ نسلوں کی ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہو۔ دوسری طرف  صدر زرداری نے میں کہا کہ ہم شہریوں کو بااختیار بنانے اور سیاسی عمل میں اْن کی فعال شرکت کے فروغ میں جمہوریت کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے یوم جمہوریت منا رہے ہیں۔ جمہوریت ایک منصفانہ معاشرے کی بنیاد ہے، بنیادی حقوق کے تحفظ اور سیاسی، اقتصادی اور سماجی شمولیت کو فروغ دینے کا ذریعہ ہے۔ اس سال کا عالمی عنوان بہتر طرز حکمرانی کے فروغ میں مصنوعی ذہانت کے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔ مصنوعی ذہانت انتظام عامہ میں شفافیت، احتساب اور کارکردگی میں اضافہ لا سکتی ہے اور یہ جدید طرز حکمرانی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ مصنوعی ذہانت کے ذریعہ معلومات پر مبنی تجزیے فراہم کیے جا سکتے ہیں، جس سے جمہوری عمل زیادہ شفاف بن سکتا ہے اور ووٹرز امیدواروں اور ان کی پالیسیوں کے بارے میں اہم معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ جمہوریت عوام کی سیاسی عمل میں شرکت، سیاسی تنوع اور عوامی حقوق کے تحفظ کا نام ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو جیسے رہنماؤں نے ملک میں جمہوری عمل کی بحالی اور استحکام کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔بلاول بھٹو زرداری نے اپنی جماعت کی جانب سے جمہوری اقدار کو برقرار رکھنے، انسانی حقوق کے تحفظ اور شمولیتی طرزِ حکمرانی کے فروغ کے عزم کی تجدید  کی ہے۔ چیئرمین پی پی پی نے اس بات پر زور دیا کہ جمہوریت صرف ایک نظامِ حکومت نہیں بلکہ ایک ایسا معاشرتی ڈھانچہ ہے جہاں ہر شہری کی آواز سنی جاتی ہے۔ اس کا احترام کیا جاتا ہے اور اس کا تحفظ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط جمہوریت کی طرف سفر مسلسل جاری رہنے والا عمل ہے، جس کے لیے مستعدی، استقامت اور معاشرے کے تمام طبقات کی فعال شرکت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت اسی وقت فروغ پاتی ہے جب قانون کی حکمرانی ہو، ادارے مضبوط ہوں اور عوام کے حقوق ظلم اور ناانصافی سے محفوظ ہوں۔

مزیدخبریں