کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے شہر کچلاک میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں اے ایس آئی سمیت 2 اہلکار شہید ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند کاکہنا ہے کہ کچلاک میں پولیس وین کے قریب دھماکہ قابل مذمت ہے، واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ پولیس کے مطابق پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے موقع پر پہنچ گئے اور شواہد جمع کر کے دھماکے کے ذمہ داروں کا تعین کرنا شروع کر دیا۔ وزیراعظم نے واقعے پر اظہار مذمت کرتے ہوئے شہدا کے لئے دعائے مغفرت کی اور کہا ہے کہ واقعے کے ذمہ دار دہشت گردوں کو جلد از جلد قرار واقعی سزائیں دی جائیں۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح ہماری سکیورٹی فورسز کے جوانوں کے شاہ بشانہ کھڑی ہے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔