راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)پنجاب آرٹس کونسل میں جشن عیدمیلاد النبی ؐکے سلسلے میں مہر قلم کے اشتراک سے اسلامی خطاطی کی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ نمائش کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پیر سید علی جنید الحق گیلانی تھے۔اس موقع پر ڈائریکٹر آرٹس کونسل سجاد حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد شکور، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد سلیمان اور مہر قلم کے روح رواں شبیر احمد ضیا ء بھی مہمان خصوصی کے ہمراہ تھے۔نمائش میں درجن بھرسے زائد فنکاروں کے 50 فن پارے رکھے گئے تھے۔مہمان خصوصی پیر سید علی جنید الحق گیلانی نے نمائش کے شرکا ء سے خطاب میں کہا کہ خطاطی مکمل طور پر ایک اسلامی آرٹ ہے جس کا آغاز وحی الہٰی سے ہوتا ہے۔ کاتبین وحی کو اسلام میں بہت قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔تمام آرٹسٹوں نے اپنے فن پاروں کے ذریعے دینِ اسلام سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار خوبصورت رنگوں کے ذریعے کیا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالی ان کے اِس شوق میں مزید اضافہ کرے۔ ڈائریکٹر آرٹس کونسل سجاد حسین کا کہنا تھا کہ فن خطاطی مسلمانوں کا عظیم ثقافتی ورثہ ہے۔ اسلامی ثقافتی میراث کی حامل اس خوبصورت اور لازوال فن کو عام کیااور خاص طور پر نئی نسل کو اس فن کی ضوفشانیوں سے روشناس کرایا جائے۔شبیر احمد ضیا کا کہنا تھا کہ ہمارے نوجوان آرٹسٹ اسلامی خطاطی میں بہت شاندار صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہے ہیں،اس نمائش میں حصہ لینے والے متعد د آرٹسٹ مستقبل میں عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کریں گے۔الفاظ کو جمالیاتی ذوق و شوق کے رنگوں میں رنگ کر قلم سے کینوس پر اتارنے کا نام کیلی گرافی ہے اور جب خطاط یہی الفاظ قرآن و حدیث اور روحانیت سے مستعار لیتا ہے تو یہ فن خطاطی کی قدیم روایات سے جڑجاتا ہے۔نمائش15ستمبر تک جاری رہے گی۔