عافیہ کی رہائی، حکومت امریکہ سے بات، رحم کی اپیل کرے گی 

Sep 15, 2024

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ہمدردانہ بنیادوں پر رہائی کے معاملہ میں اٹارنی جنرل  نے عدالت کو آگاہ کیا ہے کہ حکومت کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ہمدردانہ بنیادوں پر رہائی کی اپیل پر کوئی اعتراض نہیں ہے اور یہ یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ حکومت کے پاس کوئی وجہ نہیں کہ وہ ہمدردانہ بنیادوں پر رہائی کی اپیل کے ساتھ نہ کھڑی ہو۔ جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کی عدالت سے جاری گزشتہ سماعت کے تحریری حکم نامہ میں کہا گیا ہے  اٹارنی جنرل کے مطابق حکومت بھی الگ سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیلئے رحم کی اپیل دائر کرے گی۔ اٹارنی جنرل کے مطابق اقوام متحدہ اجلاس کے موقع پر بھی امریکی حکومت سے بات کی جائے گی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے مطابق امریکہ سے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر بھرپور کام ہو رہا ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے مطابق قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے حوالے سے 3 ہفتوں کا وقت درکار ہے، کیس 18 اکتوبر 2024ء کو دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔

مزیدخبریں