پاکستان کی اولین خاتون کی بین الاقوامی کرکٹ امپائر کے طور پر نامزدگی

Sep 15, 2024 | 22:35

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اتوار کو کہا کہ سلیمہ امتیاز آئی سی سی کے بین الاقوامی پینل آف ڈویلپمنٹ امپائرز کے لیے نامزد ہونے والی اولین پاکستانی خاتون بن گئی ہیں۔

امتیاز کی پینل میں نامزدگی کا مطلب ہے کہ وہ اب خواتین کے دو طرفہ بین الاقوامی میچوں اور آئی سی سی کے خواتین کے ایونٹس میں امپائرنگ کرنے کی اہل ہیں۔امتیاز نے کہا، "یہ جیت صرف میرے لیے نہیں ہے، یہ پاکستان میں ہر خواہشمند خاتون کرکٹر اور امپائر کی جیت ہے۔ مجھے امید ہے کہ میری کامیابی ان بے شمار خواتین کی حوصلہ افزائی کرے گی جو کھیل میں اپنی شناخت بنانے کا خواب دیکھتی ہیں۔نیز انہوں نے کہا، "یہ لمحہ کرکٹ میں خواتین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور اس ترقی کو فروغ دینے کے لیے پی سی بی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔"سلیمہ امتیاز کی بیٹی کائنات نے پاکستان کے لیے 40 بین الاقوامی میچز کھیلے جن میں 19 ایک روزہ اور 21 ٹی ٹوئنٹی شامل ہیں۔امتیاز نے کہا کہ جب ان کی بیٹی نے 2010 میں جنوبی افریقہ کے خلاف بین الاقوامی سطح پر ڈیبیو کیا تھا تب سے وہ ہمیشہ امپائرنگ کے شعبے میں اپنا نام بنانے کی خواہش مند تھیں۔امتیاز نے کہا، "میرا اپنا خواب تھا کہ میں اپنے ملک کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کروں۔ مجھے ایشین کرکٹ کونسل کے ساتھ مواقع ملے ہیں لیکن اعلیٰ سطح پر کام کرنا ہمیشہ ہی میرا حتمی مقصد رہا ہے۔"امتیاز نے 2008 میں پی سی بی کے ویمنز امپائرز پینل میں شمولیت اختیار کی اور گذشتہ تین سالوں میں ایشین کرکٹ کونسل کے متعدد ٹورنامنٹس میں امپائرنگ کر چکی ہیں۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین کے درمیان تین میچوں کی دو طرفہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سلیمہ امتیاز میدان میں پہلی بار امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گی۔ سیریز پیر سے ملتان میں شروع ہوگی۔

مزیدخبریں