لاہورمیں دہشتگردی کے خلاف منعقدہ سیمینار میں مقررین نے اس بات پر زوردیا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لئے عدل و انصاف پر مبنی نظام قائم کیا جائے

سیمینار کا اہتمام مسلم کرسچن فیڈریشن انٹرنیشنل اورتعمیر پاکستان پارٹی نے کیا۔ مسلم کرسچن فیڈریشن کے چیئرمین قاضی عبدالقدیر خاموش نے کہا کہ اسلام سمیت کسی مذہب میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے ریاستی اداروں پر زوردیا کہ دہشت گردی کے اسباب کے خاتمے کے لئے اقدامات کئے جائیں اورعسکریت پسندوں سے مذاکرات بھی کئےجائیں۔ تعمیر پاکستان پارٹی کے صدر لیفٹینٹ جنرل ریٹائرڈ فیض علی چشتی نے کہا کہ وجوہات کچھ بھی ہوں ،ملک میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات میں پاکستانی ہی استعمال ہوئے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے جنرل سیکرٹری مولانا عبدالخالق اسدی نے کہا کہ ریاستی ادارے بھی اپنے مقاصد کے لئے دہشت گردی کرواتے ہیں، دہشت گردی میں ملوث مدارس کی نشاندہی کی جانی چاہیئے۔ جمہوری وطن پارٹی کے سیکرٹری جنرل عبدالرؤف ساسولی نے کہا کہ عالمی ناانصافی اور ریاستی دہشت گردی کی وجہ سے فلسطین اور کشمیر کو خون میں نہلایا گیا ہے۔ بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ دہشت گردوں نے اسلام کو بدنام کرنے کے لئے مذہبی لبادہ اوڑھ رکھا ہے۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا محمد خان لغاری نے کہا کہ مذہبی اور سیاسی عناصر بھی دہشت گردی پھیلا رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن