لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف راجہ ریاض احمد نے پی پی پی کے سرپرستِ اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری کے اس بیان کا خیرمقدم کیا ہے کہ انتخابات میں پیپلز پارٹی دوبارہ برسراقتدار آئی تو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت براہ راست مالی امداد حاصل کرنے والے افراد کےلئے رقم کو موجودہ ایک ہزار سے بڑھا کر دو ہزار روپے ماہانہ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پیپلپز پارٹی کی حکومت کی ایک انتہائی کامیاب کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام موجودہ حکومت کا معاشرے کے غریب ترین افراد کے سماجی تحفظ کا اہم ترین پراجیکٹ ہے جس کے ذریعے ستر لاکھ خاندانوں کو مالی امداد مہیا کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان کے عوام آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کو ووٹ دیں گے اور شریف برادران کے نمائشی منصوبہ جات اور کھوکھلے دعو¶ں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کاغذی شیر کبھی حقیقی شیروں کا مقام حاصل نہیں کر سکتے۔