قاہرہ (نیوز ڈیسک) ٹی وی پر طنزیہ پروگرام کرنے والے مصری آرٹسٹ باسم یوسف کے خلاف اپنے شو میں پاکستان کی توہین کرنے کے الزام میں تحقیقات جاری ہے۔ اس حوالے سے پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ باسم یوسف نے پاکستان کی توہین کر کے دونوں ممالک کے تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔ امریکی جریدے نیوز ویک کی رپورٹ کے مطابق باسم یوسف پر صرف یہی ایک الزام نہیں بلکہ اسے پہلے ہی کئی الزامات کا سامنا ہے۔ اس نے اپنے ٹویٹر پر اعتراف کیا اس کے خلاف اسلام کی توہین کرنے، لادینیت پھیلانے اور پاکستان کی توہین کرنے پر دوبارہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ باسم یوسف نے اپنے شو میں مصری صدر مرسی کے دورہ پاکستان میں اسلام آباد کی نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دیے جانے کا مذاق اڑایا تھا۔ جریدے کے مطابق یوسف نے گذشتہ سال اپنے شو میں یو ٹیوب کی توہین آمیز فلم کا ٹریلر بھی چلایا تھا جس کے نتیجے میں مصر میں ہنگامے پھوٹ پڑے تھے۔ جریدے کے مطابق ایسا لگتا ہے باسم یوسف صدر مرسی اور ان کی جماعت اخوان المسلمین کے خلاف پروگرام کر کے اپنے ملک میں اظہار رائے کی آزادی کی حدود کا جائزہ لے رہے تھے۔