لاہور + راولپنڈی + ملتان + کراچی (وقائع نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں ) الیکشن ٹربیونل میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی منظوری اور ان کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت جاری ہے۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے این اے 51 گوجر خان سے کاغذات نامزدگی مسترد کر دئیے گئے۔ الیکشن ٹربیونل نے راجہ پرویز اشرف کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل مسترد کر دی۔ نجی ٹی وی کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالر¶ف شیخ اور جسٹس مامون الرشید نے اپیل کی سماعت کی۔ الیکشن ٹربیونل نے فیصلے میں کہا ہے کہ راجہ پرویز اشرف صادق اور امین نہیں رہے۔ راجہ پرویز اشرف کو ریٹرننگ افسر کے بعد الیکشن ٹربیونل نے نااہل قرار دیا، ان کے کاغذات نامزدگی رینٹل پاور کیس میں ملوث ہونے کے باعث مسترد ہوئے جبکہ میگا پراجیکٹ میں کرپشن کے الزامات بھی نااہلی کی وجہ ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق کراچی ٹربیونل نے سابق صدر پرویز مشرف کی اپیل کو مسترد کر دیا جبکہ لاہور ٹربیونل نے شریف برادران کے خلاف تمام اپیلیں خارج کر دی ہیں۔ سندھ ہائی کورٹ کے الیکشن ٹربیونل نے این اے 250 سے سابق صدر پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کیخلاف اپیل کی سماعت کی۔ ٹربیونل نے دلائل سننے کے بعد ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے اپیل مسترد کر دی۔ نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت لاہور ٹربیونل میں جسٹس ناصر سعید شیخ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔ سماعت کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا جسے بعد میں سناتے ہوئے عدالت نے نواز شریف اور شہباز شریف کیخلاف دائر تمام درخواستوں کو خارج کر دیا۔ لاہور ٹربیونل نے پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق صدر امتیاز صفدر وڑائچ کے کاغذات نامزدگی منظور کرتے ہوئے انہیں انتخاب لڑنے کی اجازت دے دی۔ فیصلے کے بعد امتیاز صفدر وڑائچ کے وکیل اعتزاز احسن نے کہا عدالتی ٹربیونل پر بہت دباﺅ ہے۔ پشاور ٹربیونل نے مولانا فضل الرحمان کیخلاف دائر اپیل کو بھی خارج کردیا۔ سکھر میں سابق وفاقی وزیر سید خورشید شاہ کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی۔ پشاور کے اپیلٹ ٹربیونل نے پی کے 27 مردان سے سابق صوبائی وزیر حافظ اختر علی کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ لاہور کے الیکشن ٹربیونل نے ثمینہ خاور حیات کے کاغذات مسترد کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیدیا۔ لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے جمشید دستی کو مظفر گڑھ میں قومی اسمبلی کے دو حلقوں سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی ہے۔ عدالت نے جمشید دستی کو جعلی ڈگری کیس میں نااہل قرار دے کر تین سال قید کی سزا سنا دی تھی تاہم دو دن کے بعد وہ ضمانت پر رہا کر دئیے گئے۔ جمشید دستی نے لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ میں سزا کو چیلنج کر دیا اور گزشتہ روز عدالت نے کیس کی سماعت کے بعد انہیں مظفر گڑھ کے حلقہ این اے 177 اور 178 سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ جسٹس اعجاز نے ریمارکس دئیے جمشید دستی ہاریں یا جیتیں اپنی سمت درست رکھیں۔ لاہور وقائع نگار خصوصی کے مطابق الیکشن ٹربیونل نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے این اے 122 سے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف دائر اپیل کی سماعت آج 16 اپریل تک ملتوی کر دی جبکہ سابق صدر پرویز مشرف کی طرف سے دائر اپیل پر سماعت بھی آج تک ملتوی کر دی گئی۔ جسٹس خواجہ امتیاز کی سربراہی میں الیکشن ٹربیونل نمبر دو نے تقریباً 40 اپیلوں کی سماعت کرتے ہوئے چار اپیلوں کو مسترد کر دیا۔ الیکشن ٹربیونلز کل 17 اپریل تک اپیلوں کی سماعت کریں گے۔ لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے سرگودھا سے پیپلز پارٹی کے امیدوار اسلم مڈھیانہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کےخلاف دائر اپیل سماعت کےلئے منظور کرتے ہوئے آج کےلئے نوٹس جاری کر دیئے جبکہ سرگودھا سے ہی ایک اور امیدوار ندیم اصغر کی اپیل پر سماعت بھی آج تک ملتوی کر دی گئی۔ وقائع نگار خصوصی / نوائے وقت نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل نے این اے 120 سے مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف اور این اے 129 سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے کاغذات نامزدگیوں کی منظوری کیخلاف دائر تمام اپیلیں خارج کرتے ہوئے ان کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ناصر سعید شیخ اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل الیکشن ٹربیونل نے شریف برادران کیخلاف دائر متعدد اپیلوں کی سماعت کی۔ اپیل کنندگان سہیل ملک وغیرہ کے وکلاءنے دلائل دیتے ہوئے کہا میاں نوازشریف کیخلاف سب سے زیادہ اعتراضات اور اپیلیں داخل کی گئی ہیں۔ فاضل ٹربیونل انکو الیکشن کیلئے اہل قرار دیتا ہے تو پھر ملک میں کسی امیدوار کیلئے ٹربیونل بنانے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے قوم سے غلط بیانی کی اور اپنے اثاثوں کو بیرون ملک منتقل کیا۔ انہوں نے قوم سے پرویز مشرف کے ساتھ کئے گئے معاہدے کا بھی جھوٹ بولا جو بعد میں سچ ثابت ہوا۔ انہوں نے قوم سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا۔ نوازشریف نے نیب سے واپس ملنے والی 11 کروڑ روپے کی رقم کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرکے حقائق چھپائے۔ اصغر خان کیس میں عدالت نے انکا نام ملزمان کی فہرست سے خارج نہیں کیا جبکہ ظفر علی شاہ کیس میں عدالت نے ان پر عدالتوں کی تضحیک کرنے کی ذمہ داری بھی عائد کی۔ ایک درخواست گزار علی عمران کے وکیل نے فاضل ٹربیونل پر عدم اعتماد کرتے ہوئے دلائل دینے سے انکار کر دیا اور استدعا کی اس اپیل کو واپس ٹربیونل نمبر 2 کے پاس سماعت کیلئے بھجوایا جائے۔ میاں شہباز شریف کیخلاف دلائل دیتے ہوئے اپیل کنندگان کے وکلا نے کہا شہبازشریف نے سیاست کو اپنا پیشہ ظاہر کیا اور اس پیشے سے کروڑوں روپے کمائے حالانکہ سیاست کوئی پیشہ نہیں اور نہ ہی اس سے آمدن حاصل ہو سکتی ہے۔ شہباز شریف کے ذرائع آمدن انکے طرز زندگی سے مطابقت نہیں رکھتے۔ انہوں نے اپنے ماڈل ٹاﺅن میں واقع گھر کی مالیت 12 کروڑ روپے ظاہر کی مگر اس محل نما گھر میں موجود اشیاءکا ذکر تک نہیں کیا۔ اپیلوں میں مزید کہا گیا شریف برادران کے جھوٹ، ناجائز اثاثوں، ذرائع آمدن چھپانے اور عدالتوں کی تضحیک کے باعث وہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے۔ وہ اس عوامی عہدے کیلئے صادق اور امین بھی نہیں رہے لہٰذا فاضل عدالت کی طرف سے ریٹرننگ افسروں کے فیصلے کالعدم قرار دیکر شریف برادران کے کاغذات نامزدگیوں کو مسترد کیا جائے اور انکو الیکشن لڑنے سے نااہل قرار دیا جائے۔ پشاور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل نے مولانا فضل الرحمن کیخلاف اپیل خارج کردی۔ مولانا فضل الرحمن قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 27 لکی مروت سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن کیخلاف ووٹر انعام اللہ نے اپیل دائر کی تھی۔ علاوہ ازیں لالہ موسیٰ سے نامہ نگار کے مطابق پی پی 112 سے تحریک انصاف کے نامزد امیدوار نوازش علی شیخ ایڈووکیٹ کے کاغذات نامزدگی منظوری کے خلاف الیکشن ٹربیونل پنجاب کے پاس اپیل دائر کر دی گئی۔ 2 رکنی الیکشن ٹربیونل جس میں جسٹس ناصر سعید اور جسٹس شاہد وحید شامل ہیں کے پاس ارشد نامی شخص نے اپیل دائر کی جس پر 16 اپریل کو طلبی کا اشتہار جاری کر دیا گیا ہے۔ آئی این پی کے مطابق الیکشن ٹریبونل ہائیکورٹ ملتان بنچ نے اہلسنت والجماعت کے مرکزی رہنما مولانا احمد لدھیانوی کو این اے 89 جھنگ سے الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دیدی۔ راولپنڈی کے حلقہ این اے 56 سے مسلم لیگ (ن) کے حنیف عباسی کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے۔ این این آئی کے مطابق کراچی کے حلقہ این اے 250 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر پرویز مشرف کی جانب سے اپیل دائر کی گئی تھی تاہم الیکشن ٹربیونل کے ریٹرننگ افسر نے اپنا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے مشرف کی اپیل کو مسترد کر دیا۔ اس موقع پر وکیل پرویز مشرف کا کہنا تھا الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف پٹیشن دائر کریں گے۔ بلوچستان الیکشن بربیونل میں کاغذات نامزدگی مسترد اور متعدد امیدواروں پر بعض لوگوں کی جانب سے دائر کی جانے والی 158 اپیلوں میں سے 90 پر فیصلے سنا دئیے گئے جبکہ 27 درخواستوں پر فیصلے محفوظ کر لئے۔ ثناءنیوز کے مطابق لاہور ہائےکورٹ کے جسٹس عبدالرﺅف شیخ اور جسٹس مامون الرشید پر مشتمل دو رکنی الےکشن ٹربیونل نے سرگودھا کے حلقہ 66 سے تحریک انصاف کے امیدوار ممتاز اختر کاہلوں کو الےکشن لڑنے کےلئے نا اہل قرار دے دیا ہے‘ ےہ فیصلہ واٹر سپلائی روڈ کے رہائشی ندیم کمبوہ کے وکےل چودھری زاہد عمران کی وساطت سے دائر کی گئی درخواست پر کیا گیا‘ جس میں مو¿قف اٹھایا گیا تھا ممتاز اختر کاہلوں نے ریٹرننگ آفیسر کی عدالت میں کاغذات نامزدگی داخل کراتے وقت سعودی عرب میں اپنی کمپنیوں کے اثاثے چھپائے جبکہ ممتاز کاہلوں الےکشن سے چند روز قبل تک وفاقی ادارے نیو ٹیک کے بطور چیئر مےن سرکاری مراعات حاصل کرتے رہے۔ ین اے 50 مری سے پی پی کے امیدوار غلام مرتضیٰ ستی بھی نااہل قرار پا گئے۔ ریٹرننگ افسر نے غلام مرتضیٰ ستی کے کاغذات نامزدگی منظور کئے تھے۔