لاہور(خصوصی رپورٹر)تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری اور جنرل سیکرٹری پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاہے کہ گھریلو صارفین کو گیس کی بندش نے شدید پریشان کررکھا ہے ۔ حکومت فوری طور پر اس ظالمانہ فیصلے کو واپس لے اور گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنائے۔ وہ پارٹی آفس میں بہاولنگر کے ضلعی صدر ملک مظفر اور سینئرنائب صدر عمر سکھیرا کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ حکومت نے عوام کو بنیادی سہولتیں دینے کی بجائے سب کچھ چھین لیا ہے۔ موجودہ حکمرانوں نے قوم کو کھوکھلے وعدوں اور جھوٹے نعروں کے سواکچھ نہیں دیا۔