ٹیکس چوری روکنے تک حکومتی دعوئوں سے کچھ نہیں ہوگا: ماہر اقتصادیات

Apr 16, 2014

لاہور (کامرس رپورٹر) ماہر اقتصادیات کا وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے تنخواہیں دینے اور قرض چکانے کیلئے ٹیکس نیٹ بڑھانا پڑے گا، کے بیان پر کہا ہے کہ ٹیکس نیٹ بڑھانے، ٹیکس چوری روکنے اور ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح کو بڑھانے کے دعوے گزشتہ 25 برسوں سے کئے جارہے ہیں لیکن عملی طور پر ان اہداف کو حاصل کرنے کے لئے کچھ نہیں کیا گیا۔ ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی نے کہا کہ موجودہ حکومت کے گزشتہ 9 ماہ کے مختلف اقدام وفاقی وزیر خزانہ کے موجودہ بیان کے منافی ہیں۔ حکومت نے رواں مالی سال کے لئے ٹیکس وصولی کا معمولی ہدف رکھا تھا اسے بھی حاصل نہیں کیا جاسکے گا اور ٹیکس وصولی مقررہ ہدف کے مقابلے میں 175 ارب روپے کے لگ بھگ کم رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی بات یہ ہے کہ جب تک ملک کے قوانین کے تحت ٹیکس چوری اور لوٹی ہوئی دولت کو قانونی تحفظ ملتا رہے گا اس وقت تک اس قسم کے دعوئوں اور وعدوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔

مزیدخبریں