لاہور( کامرس رپورٹر ) گنگا رام ہسپتال میں پنجاب پیرا میڈیکس الائنس (PPA)اور پنجاب پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن نے مشرکہ طور پربدھ کو تیسرے روز بھی سروس سٹرکچر پر مکمل طور عمل درآمد نہ ہونے پر سر گنگا رام ہسپتال کی انتظامیہ کے خلاف بھر پور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پیرامیڈیکس اور ہیلتھ سپورٹ سٹاف نے کوئنز روڈ پر فاطمہ جناح میڈیکل کالج کے سامنے دھرنا بھی دیا جو کہ تین گھنٹے تک جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔ بعد ازاں پرنسپل فاطمہ جناح میڈیکل کالج/سر گنگا رام ہسپتال کے ساتھ مذاکرات ہوئے اور پچھلے مذاکرات کی طرح یہ مذاکرات بھی بے نتیجہ ثابت ہوئے۔ ملازمین نے چوبیس گھنٹے کے لیے دھرنا ختم کرتے ہوئے احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ دریں اثناء ہسپتال میں ہڑتال کے باعث آئوٹ ڈور میں بھی مریضوں کو چیک نہ کیا جا سکا جس کے باعث دور دراز سے آئے مریض مایوسی کا شکار ہو کر گھروں کو لوٹ گئے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ سارے معاملے میں مریضوں کا کیا قصور ہے انہیں کس بات کی سزا دی جا رہی ہے۔ جبکہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ گنگا رام ہسپتال ڈاکٹر وقار نبی باجوہ نے محکمہ صحت حکومت پنجاب کی منظور کردہ پیرا میڈیکل سٹاف کے سروس سٹرکچر پالیسی کے تحت ہسپتال کے 111 پیرا میڈکس کی ترقی کے احکامات جاری کر دئیے ہیں،ترقی پانے والوں میں لیب ٹیکنیشن ، سی ٹی سکین ٹیکنیشن ، لیڈی ہیلتھ وزیٹرز ، ایکسرے ٹیکنیشن ، سینٹری انسپکٹر ، ایکسرے اسسٹنٹ ، ریڈیو گرافر اور او ٹی اسسٹنٹ شامل ہیں۔
گنگا رام ہسپتال میں پیرامیڈیکل ملازمین کی ہڑتال کاتیسرا روز ، مریض پریشان
Apr 16, 2015