کراچی (وقائع نگار) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی 26 اپریل کو لیاری کے ککری گراؤنڈ میں جلسہ عام منعقد کرے گی، جس سے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔ لیاری سے کراچی کی ترقی کا ایک نیا عہد شروع ہو گا، جو ملیر تک جائے گا۔ یہ اعلان انہوں نے بدھ کو چیف منسٹر ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ آصف علی زرداری اس جلسے میں اہم اعلانات بھی کریں گے اور یہ تاریخی جلسہ ہو گا۔ واضح رہے کہ لیاری کے حالات خراب ہونے کے بعد پیپلزپارٹی نے طویل عرصے تک یہاں کوئی بڑا جلسہ منعقد نہیں کیا تھا۔ نئی صورت حال میں یہ پہلا جلسہ ہو گا۔
پیپلز پارٹی کا 26 اپریل کو لیاری میں جلسہ ہوگا : قائم علی شاہ
Apr 16, 2015