اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)مسلم لیگ (ن)نے خیبر پی کے میں بلدیاتی الیکشن میں ٹکٹ کے اجراء کیلئے اقبال ظفر جھگڑا کی سربراہی میں4 رکنی کمیٹی بنا دی ،وزیر اعظم نواز شریف نے بطور صدر منظوری دیدی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز مسلم لیگ (ن) کے سربراہ وزیر اعظم نواز شریف نے خیبر پختونخوا ہ میں 30 مئی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ کے اجراء کیلئے4 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ،کمیٹی میںمسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا ،خیبر پختونخواہ کے صوبائی صدر پیر صابر شاہ ،وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام اور سینئر لیگی رہنما رحمت سلام خٹک شامل ہیں،وزیر اعظم نے کمیٹی کو خیبر پختونخواہ میں لیگی امیدواروں کو ٹکٹ کے اجراء کیلئے مکمل اختیارات دے دیئے ہیں اور اس حوالے سے باقاعدہ منظوری بھی دے دی گئی ہے۔واضح رہے کہ خیبر پختونخواہ میں 30 مئی کو بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری ہو چکا ہے اور اس حوالے سے تمام سیاسی جماعتوںکے امیدواروں نے پارٹی ٹکٹ کے اجراء کیلئے بھاگ دوڑ شروع کر دی ہے اور صوبائی الیکشن کمشن نے صوبے میں بلدیاتی الیکشن کیلئے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
بلدیاتی الیکشن خیبر پی کے :پارٹی ٹکٹ کے اجراء کیلئے وزیر اعظم نے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی
Apr 16, 2015