استنبول (آئی این پی/ صباح نیوز) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے تمام فریقوں کے اتفاق رائے سے جامع نیشنل ایکشن پلان وضع کیا ہے، فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے قوانین کا جائزہ لیا ہے، حکومت تعلیمی نظام خصوصا مذہبی تعلیم میں اصلاحات لارہی ہے، نفرت انگیز تقاریر کے خلاف انتہائی سخت اقدامات کئے گئے ہیں، ایران پاکستان گیس پائپ لائن کو فعال بنانا پاکستان کی اولین ترجیح ہے جس سے ہماری توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔ ترکی کے انگریزی روزنامے صباحا سے ایک انٹرویو میں صدر نے کہا کہ پاکستان نے فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے قوانین کا جائزہ لیا ہے، عدالتی عمل کو بہتر بنایا ہے۔ حکومت تعلیمی نظام خصوصا مذہبی تعلیم میں اصلاحات لا رہی ہے۔ دہشت گردوں کے مالی وسائل روکنے کیلئے موثر اقدامات جاری ہیں جس کے لئے عالمی تعاون کی بھی ضرورت ہے۔ پاکستان اور ترکی کی قیادت روایتی خوشگوار تعلقات کو اقتصادی اشتراک عمل میں تبدیل کرنے کی مشترکہ سوچ رکھتی ہے۔ پاکستان نے ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے کا خیرمقدم کیا ہے جس سے اقتصادی روابط بڑھانے کی نئی راہیں کھلی ہیں۔ صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان نائیجر سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان معاشی و تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کے امکانات موجود ہیں۔ یہ بات صدر سے نائیجرکے وزیراعظم بریگی رافینی سے ملاقات کے دوران کی صدر نے کہا کہ پاکستان اورنائجر کے درمیان معاشی و تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کے امکانات موجود ہیں۔ پاکستان نائیجر میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتا ہے۔ صدر ممنون حسین ترکی کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے۔