کراچی (وقائع نگار) ایک ظالم بیوی نے نواب شاہ میں اپنے شوہر کو قتل کر دیا ہے۔ اس مظلوم شوہر کی مغفرت کے لیے دعا کی جائے۔ یہ بات پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی نعیم کھرل نے گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے اجلاس میں فاتحہ خوانی کے وقفہ میں کہی۔ اسمبلی میں دیگر مرحومین کے علاوہ اس مظلوم شوہر کی مغفرت کی بھی دعا کی گئی۔ بعدازاں ایک سوال پر سپیکر آغا سراج درانی نے کہا کہ بالکل صحت یاب ہوں ۔ یہ بات میرے دشمنوں نے اڑائی کہ میں ہسپتال میں بے ہوش ہو گیا تھا اور مجھے آئی سی یو لے جایا گیا۔ اجلاس میں ان کی صحت اور درازی عمر کے لئے بھی دعا کی گئی۔ سراج درانی نے کہا کہ جس دن موت آنی ہے، وہ ضرور آئے گی۔ میرے دشمن جلد جان جائیں گے۔ میں انہیں مار کر مروں گا۔