قادر پٹیل سے پھر تفتیش‘ زرداری کے کہنے پر مہاجر نوجوان کو قتل کا اعتراف

کراچی (کرائم رپورٹر) پیپلز پارٹی کے رہنما قادر پٹیل سے رینجرز حکام کی دوسرے دن بھی تفتیش، سنسنی خیز انکشافات، گینگ وار کے ملزمان کو سرکاری پروٹوکول ممنوعہ اسلحہ کے لائسنس دلانے اور زمینوں پر قبضوں اور ناجائز تعمیرات سے حاصل ہونے والے روپے بیرون ملک بھجوانے کا اعتراف کرلیا، جلد ہی قادر پٹیل کی باضابطہ گرفتاری کا امکان ہے، انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر کے ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما قادر پٹیل نے 8 گھنٹے طویل تفتیش کے دوران نادرن بائی پاس پر چالیس ایکڑ اور حب چوکی میں ڈیڑھ سو ایکڑ زمین پر قبضے کا انکشاف کیا جبکہ یہ بھی بتایا کہ ہاکس بے کے اطراف بھی سات ایکڑ زمین ہڑپ کی گئی اور زمینوں پر قبضے اور ناجائز تعمیرات سے حاصل ہونے والے اربوں روپے بیرون ملک بھجوائے۔ قادر پٹیل نے سرکاری زمین سستے داموں خرید کر مہنگے داموں بیچنے، اپنا سرکاری پروٹوکول گینگ وار ملزموں کو دینے اور رئوف ناگوری اور خالد شہنشاہ سے مل کر لوگوں کے گھروں پر قبضے کا بھی اعتراف کیا۔ انہوں نے عزیر بلوچ‘ غفار ذکری اور بابا لاڈلا تینوں گروپوں کو سیکڑوں اسلحہ لائسنس دلانے کا انکشاف بھی کیا اور بتایا کہ گینگ وار کے ملزموں کو وزراء کے کوٹے پر ممنوعہ اسلحہ کے لائسنس بھی دلائے گئے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق قادر پٹیل نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے حکم پر عزیر بلوچ اور بابالاڈلہ کے ذریعے مہاجر نوجوانوں کو قتل کرایا یہ حکم بلدیہ ٹائون میں 2010 میں میت بس پر فائرنگ سے 5 بلوچ نوجوانوں کی ہلاکت کے بعد ملا۔ذرائع کے مطابق قادر پٹیل نے انکشاف کیاکہ پیپلز یوتھ کے سابق صدر رئوف ناگوری نے روف ناظم اور بابا لاڈلہ سے قتل عام کرایا۔ یہ تمام چیزیں پیپلزپارٹی کے ایم پی اے جاوید ناگوری اور ثانیہ ناز کے علم میں ہیں جبکہ سینیٹر یوسف بلوچ تمام کاموں میں پیش پیش ہوتے تھے۔ قادر پٹیل نے انکشاف کیاکہ رئوف ناگوری اور سعید بھرم دونوں سگے بھائی ہیں۔ سعید بھرم متحدہ اور رئوف ناگوری پیپلزپارٹی میں ہے۔ قادر پٹیل کے مطابق رئوف ناگوری پیپلزپارٹی کا عسکری ونگ چلاتا رہا ہے۔ قادر پٹیل نے انکشاف کیاکہ لیاری میں امن کمیٹی آصف زرداری اور فریال تالپور کے حکم پر بنا ئی گئی۔ قادر پٹیل کے مطابق آصف زرداری اور سینٹر یوسف بلوچ کے حکم پر لیاری میں کچھیوں کو قتل کرایا۔ انہوں نے دوران تفتیش بتایا کہ نبیل گبول اور ذوالفقار مرزا کے بعد میں زرداری کے قریب ہوا۔ نبیل گبول متحدہ کے ذریعے کچھیوں کو سپورٹ کرتا تھا۔ ذرائع کے مطابق ابھی تفتیش جاری ہے آج بروز ہفتہ کو قادر پٹیل پھر پیش ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن