لاہور+ اسلام آباد (نامہ نگاران+ آن لائن) بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ گرمی میں لوڈشیڈنگ کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کاروبار بھی شدید متاثر ہوئے ہیں جبکہ کئی علاقوں میں پانی کی بھی قلت رہی۔ صفدر آباد میں شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔ ساہیوال/ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق شہری علاقوں میں 8 اور دیہات میں 10 سے 12 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ سے معمولات زندگی شدید متاثر رہے۔ سرائے عالمگیر سے نامہ نگار کے مطابق سرائے عالمگیر میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹے تک پہنچ گیا۔ پانی کی بھی شدید قلت رہی اور شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق مختلف علاقوں میں گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مختلف علاقوں کے علاقہ مکینوں نے گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ صبح بچوں کے سکول کے اوقات اور شام کے وقت اکثر گیس غائب رہتی ہے۔ صفدر آباد سے نامہ نگار کے مطابق غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے زبردست احتجاج کیا۔ تمام دن ایک گھنٹہ بجلی کی سپلائی کے بعد دو گھنٹے بجلی غائب کر دی جاتی ہے۔ آن لائن کے مطابق شہری علاقوں میں 12جبکہ دیہات میں 16 گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ سے عوام کا بُرا حال ہو گیا۔ بعض علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کے باعث لاکھوں روپے کی الیکٹرانک اشیا جل گئیں جبکہ وزارت پانی و بجلی کا کہنا ہے کہ لائن لاسز میں اضافہ اور ریکوری نہ ہونے کے باعث لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے اور لوڈشیڈنگ کا زیادہ تر دورانیہ چھ گھنٹے اور بائی لائن لاسز ایریاز میں لوڈشیڈنگ زیادہ ہے۔
بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ جاری‘ صفدر آباد میں شہری سراپا احتجاج
Apr 16, 2016