اسلام آباد (آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن آف پاکستان نے شدید سیاسی دبائو کے باعث الیکشن کمشن کی ویب سائٹ سے ارکان اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات ہٹا دی ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق الیکشن کے رولز کے مطابق الیکشن کمشن کے ویب سائٹ پر دو سال کیلئے ارکان پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات کی موجودگی ہونا ضروری ہوتا ہے۔ اسی قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر گزشتہ دو سالوں کے ارکان اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری تھیں جو کہ سیاسی دبائو اور احکامات کی بنا پر ویب سائٹ سے فوری طور پر ہٹا دی گئی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمشن کی ویب سائٹ سے اثاثوں کی تفصیلات ہٹا کر معلومات تک رسائی کی قانون کی بھی دھجیاں اڑا دی گئیں۔ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے اس اقدام کی پُرزور مذمت کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمشن پارلیمنٹ کے ارکان اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات فوری جاری کی جائیں۔ تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چودھری نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ہمارا نوازشریف کی حکومت پر کوئی اعتماد نہیں۔ علاوہ ازیں ترجمان الیکشن کمشن نے کہا ہے کہ پارلیمنٹرینز کے اثاثوں کی تفصیلات ویب سائیٹ پر ڈالنے کا کوئی قانونی جواز نہیں۔ پارلیمنٹرینز نے الیکشن کمشن کے سامنے یہ معاملہ اٹھایا تھا۔ الیکشن کمشن نے جائزہ لیکر اثاثہ جات کی تفصیلات ویب سائٹ سے ہٹانے کا فیصلہ کیا۔
الیکشن کمشن نے ویب سائٹ سے ارکان اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات ہٹا دیں تحریک انصاف، جماعت اسلامی کی مذمت
Apr 16, 2016