سرگودھا (نامہ نگار+ صباح نیوز) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہاہے کہ ہمارے حکمرانوں کو عوام نے ووٹ کا دودھ پلا کر اژدھا بنا دیا، جس ملک میں سینٹ کا چیئرمین مظلوم ہو وہاں عام آدمی کی کیا حالت ہوگی، خواجہ آصف نے پارلیمنٹ میں کہا پاکستان کسی مذہب کیلئے نہیں بنا، انکا یہ بیان نظریہ پاکستان کے خلاف سازش کے متراد ف ہے، ہم اس ملک میں اسلامی اور شرعی نظام چاہتے ہیں، جب سے کلبھوشن کو سزائے موت سنائی گئی اس وقت سے حکمرانوں پر خوف طاری ہوگیا ہے، ہمیں بھارت سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، کلبھوشن کو سزا مل گئی تو آئندہ کوئی بھی ملک میں تخریب کاری کی جرات نہیں کرے گا اور اگر ریمنڈ ڈیوس کے معاملے کی طرح بزدلی دکھائی گئی تو پاکستان میں روز کلبھوشن آئیں گے۔ سرگودھا کے مدرسہ قاسم العلوم میں ختم بخاری شریف کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان جغرافیہ اورصوبوں کا نام نہیں بلکہ لا الہ اللہ کا نام ہے اور ہم اس ملک میں اسلامی اور شرعی نظام چاہتے ہیں کیونکہ اسلامی نظام میں معیشت، تعلیم، صنعت اور زراعت سب کچھ موجود ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کی طرح کلبھوشن یادیو کے حوالہ سے نرم گوشہ اختیار کیا گیا تو ملک میں قیام امن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی‘ حکمران ملک کو یوں چلا رہے ہیں جیسے انہیں ملک ٹھیکے پر ملا ہو۔ انہوں نے کہا ناموس رسالت پر قانون سازی کی جاتی تو مردان اور 95 شمالی سرگودھا جیسے ظالمانہ واقعات پیش نہ آتے۔ مشرف کی بزدلی اور غلط فیصلے کی وجہ سے آج پورا ملک دہشت گردوں کے نشانے پر ہے۔ تقریب سے مولانا عبدالمالک‘ زبیر احمد گوندل‘ پروفیسر عرفان احمد‘ جاوید اقبال چیمہ‘ سہیل احمد باٹھ‘ مولانا احسان اللہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
سراج الحق