سرگودھا (نامہ نگار+ ایجنسیاں) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک پر مغل شہزادے حکمران ہیں، جو ملک کو یوں چلا رہے ہیں جیسے یہ ملک انہیں ٹھیکے پر ملا ہو، عوام امید لگائے بیٹھے ہیں کہ پانامہ لیکس پر فیصلہ انکی توقعات کے مطابق ہوگا، وزیراعظم اور وزیر دفاع کا بیان آئین پاکستان سے غداری ہے، اگر پاکستان سیکولر ہے تو پھر قائداعظم ؒ کا نظریہ کہاں گیا، قرآن پاک ایک زندہ جاوید معجزہ ہے، موجودہ اور سابق حکمرانوں نے پاکستان کے جغرافیے کو خطرے میں ڈال دیا، پرویز مشرف کی بزدلی اور غلط فیصلے کی وجہ سے آج پورا ملک دہشت گردوں کے نشانے پر ہے، پاکستان کی نہ کوئی خارجہ پالیسی ہے اور نہ وزیر خارجہ، کلبھوشن یادیوکے حوالے سے بھارت سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، اگر اس کو دبائو کے نتیجے میں ریمنڈ ڈیوس کی طرح چھوڑ دیا گیا تو پھر بھارت کئی کلبھوشن ملک میں داخل کردیگا، یہاں تو سینٹ کا چیئرمین بھی مظلوم ہے،بھارت کشمیریوں پر بے انتہا مظالم ڈھا رہا ہے لیکن حکمرانوں کو سانپ سونگھ گیا، ظالم جاگیرداروں سے جاگیریں لیکر غریبوں میں میں تقسیم کردیں گے، جماعت اسلامی ملک میں نظام مصطفی چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع قاسم العلوم سرگودہا میں تکمیل بخاری شریف کی تقریب سے خطاب اور میاں اظہار الحق کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کی واحد اسلامی ریاست ہے جس کی بنیاد لاالہ الااللہ پر رکھی گئی تھی۔ میں وزیر اعظم اور وزیر دفاع سے پوچھتا ہوں کہ کیا صرف آلو ٹماٹر،گندم اور چاول کے لیے لاکھوں لوگوں نے اپنی جانیں قربان کر کے پاکستان بنایاتھا۔ کیا صرف وڈیروں اور وزیروں کا غلام بننے کے لیے ہمارے آباء اجداد نے قربانیاں دی تھیں۔ جب تک اس خطے میں امریکہ موجود ہے اس وقت تک امن قائم نہیں ہوسکتا۔ مغرب کی جانب دیکھنے والے ناکامی سے ہی دوچار ہوں گے۔ قبل ازیں قینچی موڑ سے بہت بڑے جلوس کی شکل میں سراج الحق کو جامع قاسم العلوم چونگی نمبر 9لایا گیا۔
مغل شہزادے حکمران ملک کو ایسے چلا رہے ہیں جیسے ٹھیکے پر ملا ہے: سراج الحق
Apr 16, 2017