سپریم کورٹ متنازعہ ہو رہی ہے سیاسی معاملات میں الجھنے سے گریز کیا جائے : اسفندیار

Apr 16, 2018

پشاور(بیورورپورٹ)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ سیاسی معاملات میں متنازعہ فیصلوں سے سپریم کورٹ کی حیثیت متنازعہ ہو رہی ہے ،عدالت عظمیٰ سے درخواست ہے کہ سیاسی معاملات میں الجھنے سے گریز کرے اور ان معاملات کو پارلیمنٹ میں ہی حل ہونا چاہئے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بونیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اے این پی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی اور جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک سمیت دیگر مقامی قائدین نے بھی جلسہ سے خطاب کیا ، اسفندیار ولی خان نے کہا کہ کپتان کی ایک غلطی سے سیاسی معاملات عدالت تک جا پہنچے جبکہ سیاسی رہنماو¿ں کو اپنے مسائل پارلیمنٹ میں حل کرنا چاہئیں تھے، انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت فاٹا کا مسئلہ حل کرنے میں سنجیدہ نہیں لگتی اور اگر ایسا نہ کیا گیا تو خدشہ ہے کہ حالات سنگین رخ اختیار کر جائیں گے انہوں نے کہا کہ فاٹا کو جلد از جلد صوبے میں ضم کر کے صوبائی اسمبلی میں نمائندگی دی جائے اور ایک آئینی ترمیم کے ذریعے صوبائی کابینہ میں بھی حصہ دیا جائے ، آپریشن کے نتیجے میں گھر بار چھوڑنے والے آئی ڈی پیز کی گھروں کو باعزت واپسی، مایئنز کی صفائی اور چیک پوسٹیں ختم کی جائیں، اسفندیار ولی خان نے کہا کہ ایک دینی جماعت کے رہنما اے این پی کے خلاف ہرزہ سرائی میں مصروف ہیں لیکن دنیا جانتی ہے کہ افغان جنگ میں ڈالروں کی خاطر انہوں نے نام نہاد جہاد میں حصہ لیا اور ہزاروں جانیں لیں لیکن اب جب رد الفساد کے نام سے آپریشن شروع کیا گیا تو ان کی زبان بند ہو گئی ہے ، ایم ایم اے کی بحالی اسلام کیلئے نہیں بلکہ اسلام آباد کیلئے ہے پانچ سال تک ایک دینی جماعت مرکز میں اور دوسری صوبے میں اقتدار کے مزے لوٹتی رہی اور اقتدار کے خاتمے پر انہیں اسلام یاد آ گیا ۔خیبر بنک کے سکینڈل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام انتظار کریں حکومت کے جاتے ہی مزید بڑے سکینڈل بھی سامنے آئیں گے ، اسفندیار ولی خان نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے حوالے سے تاحال خدشات سامنے آ رہے ہیں اور اگر اسے ختم کرنے یا اس میں مزید کسی ترمیم کی کوشش کی گئی تو اے این پی بھرپور قوت کے ساتھ مزاحمت کرے گی ، انہوں نے کہا کہ سی پیک پر مرکزی حکومت نے دھوکہ دیا اور پختونوں و فاٹا کے عوام کے ساتھ زیادتی کی ہے ،پنجاب بڑا بھائی ضرور ہے لیکن چھوٹے صوبے بڑے بھائی کے غلام نہیں ہیں،بڑا بھائی ہمارا حق نہیں دے گا تو وہ ہمارے لئے قابل احترام نہیں رہے گا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سے درجنوں اہم شخصیات نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت اے این پی میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔
اسفندیار

مزیدخبریں