لاہور (خصوصی رپورٹ) سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ خان جمالی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر اس وقت حملہ جبکہ وہ ملک کے حکمران خاندان کے کرپشن کیسز کی نگرانی کررہے ہیں۔ یہ پوری ریاست کیلئے ایک لمحہ فکریہ ہے۔ اس حملے نے مسلم لیگ (ن) کے امن کے دعوﺅں اور سازشوں کی قلعی کھول کے رکھ دی ہے اور یہ حملہ اسی سازش اور بیانیہ کا نتیجہ ہے جس کا پرچار میاں نواز شریف اور انکی بیٹی مریم نواز ایک عرصے سے کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک اس وقت حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے مشکل دور سے گزر رہا ہے اوراس وقت ایسے واقعات کے رونما ہونے سے نہ صرف اداروں کے درمیان خلیج مزید بڑھے گی بلکہ ملکی سلامتی کیلئے بھی خطرات میں اضافہ ہوگا۔ اس وقت معاملہ ایک خاندان کی حکمرانی کا نہیں بلکہ ملک کی سلامتی کا ہے موجودہ حالات میں ملک کسی ایسی سازش کا متحمل نہیں ہو سکتا جس کے نتیجے میں ملک میں جاری افراتفری اور بے یقینی کی صورتحال مزید ابتر ہو۔ انہوں نے جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد لاہور یا اسلام آباد میں محاذ کے سیکرٹریٹ کا دورہ کریں گے کیونکہ وہ جنوبی پنجاب کے عوام کے علیحدہ صوبے کے مطالبے کے حامی ہیں۔
ظفر اللہ جمالی
سپریم کورٹ کے جج پر حملہ سازش جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کی مکمل حمایت کرتا ہوں: میر ظفراللہ جمالی
Apr 16, 2018