واشنگٹن (آئی این پی) امریکہ کی وزرات خزانہ نے مشکوک زرِ مبادلہ کی پالیسی پر بھارت کو کرنسی واچ لسٹ میں شامل کردیا۔ اس فہرست میں بھارت اور چین کے علاوہ دیگر ممالک بھی شامل ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزارت خزانہ کی جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ واچ لسٹ میں ان تمام بڑے کاروباری شراکت داروں کو شامل کیا گیا ہے جن کی کرنسی پالیسی توجہ طلب ہے۔ اس ششماہی رپورٹ میں کانگریس نے بھارت کے علاوہ ان پانچ ممالک کا نام بھی شامل کیا، جو اکتوبر سے مذکورہ فہرست میں موجود تھے، ان میں چین، جرمنی، جاپان، کوریا اور سوئزر لینڈ شامل ہیں۔کرنسی واچ لسٹ میں شامل تجارتی شراکت داروں میں سے کوئی بھی تجارتی فائدے کے لیے کرنسی کو کنٹرول نہیں کرسکا لیکن فہرست میں شامل 5 ممالک کرنسی پالیسی کے 3 میں سے 2 معیار پر پورا اترے جبکہ چین کو امریکا کے تجارتی خسارے میں غیر مناسب شرح کی وجہ سے شامل کیا گیا۔ امریکی سرکاری ڈیٹا کے مطابق امریکہ کا عالمی تجارتی خسارہ 556 ارب ڈالر ہے جس میں 337 ارب ڈالر کا تجارتی خسارہ صرف چین سے متعلق ہے۔ امریکی وزیر خزانہ سٹیون منچن کا کہنا تھا کہ ہم غیرمنصفانہ زر مبادلہ سے نمٹنے کے خلاف جنگ اور نگرانی جاری رکھیں گے جبکہ بڑے تجارتی عدم توازن کے لیے اصلاحات اور پالیسیوں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔
بھارت/ واچ لسٹ
;مشکوک زرمبادلہ: امریکہ نے بھارت کو کرنسی واچ لسٹ میں شامل کرلیا
Apr 16, 2018