لاہور ( خصوصی نامہ نگار) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ سیاسی عدم استحکام کا فائدہ صرف دشمنوں کو ہوسکتا ہے ۔ انجینئرڈ الیکشن اور کنٹرولڈ ڈیموکریسی کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ دینی اقدار کے تحفظ اور سیکولر قوتوں کا راستہ روکنے کے لئے ایم ایم اے موثر کردار اداکرے گی۔ عالم اسلام کے استحکام کے لیے پاکستان اور سعودی عرب دونوں کی سالمیت ناگزیر ہے۔ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کو سعودی عرب کی مشکلات کا ادراک کرنا چاہئے اور مصیبت کی گھڑی میں سعودی عرب کی ہر طرح کی مدد کرنی چاہئے۔ سیاسی و معاشی عدم استحکام کا شکار کر کے عالم اسلام کے وسائل پر قبضہ کرنے کا منصوبہ اسلامی ممالک کے اتحاد سے ناکام بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے پر عزم دفاع کے ساتھ ساتھ ارض حرمین الشریفین اور عالم عرب کا مشترکہ دفا ع مضبوط سے مضبوط تر بنانے کیلئے اسلامی عسکری اتحاد کو مضبوط بنانا ہوگا۔متحدہ مجلس عمل کے قیام سے سیکولر لابیوں کا راستہ روکا جا سکتا ہے۔