نوازشریف کو ایک جرم میں دو بار سزا نہیں مل سکتی، نثار نے ٹکٹ مانگا نہیں دینے کا کیا سوال: پرویزرشید

Apr 16, 2018

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وزیر اطلاعات سنیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ اگر ہم سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف کچھ کرتے تو انجام 12اکتوبر1999ء والا ہوسکتا تھا‘ ماضی میں ڈکٹیٹر آئین میں تبدیلیاں کرتے رہے‘ علاقائی اور فرقہ وارانہ نعرے پاکستان کیلئے زیر ہیں‘ یہ آئین کے آرٹیکل 58 ٹو بی کے متبادل ہیں‘ چوہدری نثار نے اگر ٹکٹ مانگا ہی نہیں ہے تو انہیں ٹکٹ دینے کا کیا سوال ہے۔ اتوار کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سنیٹر پرویز رشید نے کہا ایک جرم کی سزا بار بار نہیں ملتی۔ نواز شریف کو ایک ہی جرم کی سزا دو مرتبہ نہیں مل سکتی کمزور بنیاد والے فیصلے پر سخت سزا ہضم نہیں ہوگی۔ ہم نے مشرف کو عدالت کے لئے گھر سے نکالا مگر گاڑیاں راستے میں مڑ گئیں اور وہ ہسپتال چلے گئے ۔ہم اتنا نہ کرسکے کہ مشرف کو ہسپتال سے نکلنے کے بعد عدالت لے آتے ہم اس ہسپتال میں اپنا میڈیکل بورڈ نہ دیکھ سکے ہم نے شرمندگی سے آنکھیں بند کرلی ہوں گی بے بسی سے منہ پھیر لیا ہوگا۔ ہم اگر کچھ کرتے تو انجام بارہ اکتوبر 1999 والا ہوسکتا تھا۔ الیکشن کمشن کے علاوہ کوئی اور الیکشن کرانے کی بات کرے تو شکوک شبہات پیدا ہوں گے یہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ چوہدری نثار کے بارے میں بات کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ اگر کوئی ٹکٹ مانگے ہی نہیں تو ٹکٹ دینے کا کیا سوال۔ بینظیر بھٹو اور نواز شریف کو دو مرتبہ بدعنوانی کے الزام میں برطرف کیا گیا مگر وہ بدعنوانی آج تک ظاہر نہ ہوسکی۔ کسی وزیراعظم نے کبھی کسی عدالت کے جج سے یہ کہا کہ میری وفاداری کا حلف اٹھائو کیا کسی عدالت نے کسی بھی وزیراعظم کو یہ اختیار دیا کہ وزیراعظم آئین میں کوئی تبدیلی کرے۔ ایسا پاکستان میں کبھی نہیں ہوا ایسا کام ڈکٹیٹرز نے کروایا اور ہوا بھی۔ انہوں نے کہا آصف زرداری نے پاکستانی قوم کے لئے سہولتیں بنانی ہیں نواز شریف صاحب کے لئے نہیں۔ آصف زرداری نواز شریف کے کسی عمل کو بنیاد بنا کر پاکستانی قوم کے لئے دشواری پیدا نہیں کریں گے۔ آصف زرداری قوم کی رہنمائی کا وعدہ نہ کریں اور نہ ہی وہ یہ دعویٰ کریں کہ وہ پیپلز پارٹی کے رہنما ہیں وہ قبائلی جنگجو ہونے کا دعویٰ کریں اس لئے وہ بدلے لے رہے ہیں۔ وفاقی اور جمہوری سیاست کو علاقائی‘ فرقہ وارانہ نعروں سے مائنس کیا جارہا ہے۔ یہ پاکستان کے لئے زہر ہے آگ سے کھیلا جارہا ہے۔ پرویز رشید نے کہا کہ جمہوریت کو تو نقصان پہنچے گا ہی اس کھیل سے وفاق کو بھی نقصان پہنچے گا۔

مزیدخبریں