حکومت کی اپنی سیٹی بجنے والی‘ 18 جعلی اکاؤنٹس سامنے آ چکے: مریم اورنگزیب

Apr 16, 2019

راولپنڈی (نوائے وقت نیوز + آئی این پی) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے آئی ایم ایف کے ساتھ چور دروازے سے معاہدے کئے جا رہے ہیں‘ عوام تیار رہے حکومت کوئی نہ کوئی کارروائی ڈالے گی۔ ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا‘ آئی ایم ایف کے ساتھ چور دروازے سے معاہدے کئے جا رہے ہیں‘ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں نہیں لیا جا رہا۔ انہوں نے کہا عوام کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے۔ خیبر پی کے میں ایک کھرب کے کھڈے موجود ہیں مگر بی آر ٹی نہیں۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا حکمران یاد رکھیں وہ کنٹینر پر نہیں ہیں‘ ہم جیلیں کاٹ کر سرخرو ہو رہے ہیں‘ حکومت کی اپنی سیٹی بجنے والی ہے‘ یومیہ 16 ارب روپے ملکی قرضہ بڑھ رہا ہے۔ اس لئے مہنگائی ہے۔ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی 10 فیصد سے بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف چوری کے پیسے سے چل رہی ہے۔ جہانگیر ترین منی لانڈرنگ‘ علیمہ خان کی بے نامی جائیداد کا جواب دینا ہو گا۔ ترجمان مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ عمران خان کو ان کے دعوے بھولنے نہیں دیں گے۔ پٹرول مزید مہنگا ہونے جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کے 18 جعلی اکاؤنٹس سامنے آئے‘ جس کا انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا‘ چیلنج کرتی ہوں فواد چودھری پاپڑ والے کے اکاؤنٹ کی تفصیلات بتائیں۔ آئی این پی کے مطابق انہوں نے کہا عمران خان دھمکیاں نہ دیں، عمران خان کے 2012میں اثاثے 60کروڑ تھے وہ اربوں میں کیسے پہنچے، اس کی بھی تحقیقات کریں۔ آج نیب خاموش ہے کیونکہ پشاور میٹرو میں وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کی ہے، ملکی قرضہ روزانہ 16ارب روپے بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے مہنگائی ہو رہی ہے، نیب مقدمات کی تفصیلات فواد چوہدری کو دیتا ہے اور وہ میڈیا پر پروپیگنڈا کرتے ہیں، نیب باضابطہ طور پر فواد چوہدری کو اپنا ترجمان مقرر کر دے، عمران خان کو ایک کروڑ نوکریاں اور 50لاکھ گھر بھولنے نہیں دیں گے، بدترین کارکردگی پر پوری حکومت کو گھر جانا چاہیے، ہم نے اپنے دور میں کھربوں کے منصوبے لگائے اور عمران خان نے اربوں کے کھڈے کھودے، نیب آزاد نہیں عمران خان کی زد میں ہے، نیب کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ حکومت خالی برتن ہے اس لئے صرف شور مچاتی رہتی ہے کارکردگی صفر ہے۔ حکومت نواز شریف کی بیماری پر بھی سیاست کی اور ان کے علاج میں تاخیر کی، شریف میڈیکل سٹی میں نواز شریف کے تمام ٹیسٹ مکمل ہو چکے ہیں، اب نواز شریف کے علاج کا ڈاکٹرز طریقہ کار تجویز کریں گے۔

مزیدخبریں